"فلم ’شوٹ آؤٹ‘ کی کامیابی کے بعد 19 ماہ تک بے روزگار رہا"، ویویک اوبرائے کا انکشاف

2009 میں، میں نے فیصلہ کیا کہ مجھے مکمل طور پر انڈسٹری پر انحصار نہیں کرنا چاہیے، اداکار


ویب ڈیسک December 04, 2024

مشہور اداکار ویویک اوبرائے نے فلم انڈسٹری میں لابی کلچر کے بارے میں کھل کر بات کی اور بتایا کہ یہ کیسے انہیں بزنس کی طرف متوجہ ہونے پر مجبور کر گیا۔ ویویک، جو کہ بڑے بلاک بسٹرز جیسے "ساتھیا"، "یووا"، "اومکارا" اور "شوٹ آؤٹ ایٹ لوکھنڈوالا" میں اپنی اداکاری کے لیے مشہور ہیں، اب زیادہ تر فلموں اور ویب سیریز میں کم نظر آتے ہیں۔

ویویک اوبرائے نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا کہ 2007 میں "شوٹ آؤٹ ایٹ لوکھنڈوالا" کی کامیابی کے بعد وہ 19 مہینے تک بے روزگار رہے۔ 

انہوں نے کہا، "میں نے 22 سالوں میں 67 پروجیکٹس کیے ہیں، لیکن انڈسٹری ایک غیر محفوظ جگہ ہے۔ آپ اپنی اداکاری میں بہترین ہو سکتے ہیں، لیکن لابی کلچر کی وجہ سے آپ کو کام نہ ملے۔"

اداکار  نے مزید بتایا، "2009 میں، میں نے فیصلہ کیا کہ مجھے مکمل طور پر انڈسٹری پر انحصار نہیں کرنا چاہیے۔ میں اپنی اقتصادی آزادی حاصل کرنا چاہتا تھا تاکہ لابی کے ہاتھوں میرا مستقبل طے نہ ہو۔ میں نے بزنس کو پلان بی بنایا اور سنیما کو اپنا شوق رکھا۔"

ویویک اوبرائے نے کہا کہ بزنس نے انہیں مالی آزادی فراہم کی، جس سے وہ انڈسٹری کے دباؤ سے آزاد ہوگئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ اپنی روح بیچنے یا کسی کے آگے جھکنے کو زندگی گزارنے کا صحیح طریقہ نہیں سمجھتے۔

پچھلے کچھ سالوں میں، ویک نے دیگر زبانوں کی فلموں میں بھی کام کیا ہے، جن میں "لوسیفر"، "رستم" اور "کڈوا" شامل ہیں۔ وہ ویب سیریز "انسائیڈ ایج" اور "دھاراوی بینک" میں بھی نظر آ چکے ہیں۔ ان کا حالیہ پروجیکٹ روہت شیٹی کی پولیس ڈراما سیریز "انڈین پولیس فورس" تھا، جس میں انہوں نے شلپا شیٹی اور سدھارتھ ملہوترا کے ساتھ کام کیا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں