1982 میں ریلیز ہونے والی فلم 'زخمی انسان' کو بھارتی سینما کی سب سے بڑی ناکامیوں میں شمار کیا جاتا ہے۔
فلم کی ہدایتکاری دیپک بلراج وجے نے کی، جس میں شکتی کپور نے پہلی بار بطور مرکزی ہیرو کام کیا اور ان کے ساتھ ریتا بھادری، ارونا ایرانی اور دیگر نے اداکاری کی۔ تاہم، فلم ریلیز کے صرف 15 منٹ بعد سینما گھروں سے ہٹا دی گئی، جو ایک عالمی ریکارڈ بن گیا۔
حال ہی میں کپل شرما شو میں شریک ہو کر شکتی کپور نے اپنے کیریئر کے اس دلچسپ اور ناکام موڑ کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا: "میں نے سوچا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ میں ہیرو بنوں، اور 'زخمی انسان' میں لیڈ رول قبول کر لیا۔ لیکن یہ فلم پروڈیوسر، ڈائریکٹر، اور شائقین سب کو زخمی کر گئی۔ فلم 12 بجے ریلیز ہوئی اور 12:15 پر ہٹا دی گئی۔"
شکتی کپور نے مزید بتایا کہ فلم کے ریلیز سے پہلے انہوں نے کئی ولن کے کردار ٹھکرا دیے تھے، لیکن فلم کی ناکامی کے بعد انہیں انہی کرداروں کے لیے واپس درخواست دینا پڑی۔ یہ فلم ان کے کیریئر کی پہلی اور آخری فلم تھی جس میں انہوں نے مرکزی کردار ادا کیا۔
شکتی کپور کا کیریئر تین دہائیوں سے زیادہ پر محیط رہا، جس میں انہوں نے 700 سے زیادہ فلموں میں کام کیا۔ حالیہ برسوں میں، انہوں نے 2023 کی بلاک بسٹر فلم 'اینمل' میں ایک چھوٹے کردار میں کام کیا، جس میں رنبیر کپور، بوبی دیول، اور رشمیکا مندانا بھی شامل تھے۔ یہ فلم باکس آفس پر 900 کروڑ روپے سے زیادہ کمائی کرنے میں کامیاب رہی۔