ڈیجیٹل انفراسٹریکچر اور سائبر خطرات کے چیلنجز سے نمٹنے کیلیے پی ٹی اے کا اہم قدم

پی ٹی اے اور نیشنل کمپیوٹر ایمرجنسی ریسپانس ٹیم کے درمیان معاہدے پر دستخط ہوگئے


ارشاد انصاری December 05, 2024
فوٹو فائل

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اور نیشنل کمپیوٹر ایمرجنسی ریسپانس ٹیم (این سی ای آر ٹی)کے درمیان سائبر سیکیورٹی کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت کا معاہدہ طے پاگیا ہے۔

پی ٹی اے کے مطابق پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اور نیشنل کمپیوٹر ایمرجنسی ریسپانس ٹیم (این سی ای آر ٹی) کے درمیان سائبر سیکیورٹی میں تعاون کے فروغ اور پاکستان کے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کے تحفظ کے پیش نظر مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط بھی ہوگئے ہیں۔

پی ٹی اے ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ تقریب میں دونوں اداروں نے سائبر خطرات اور ان سے متعلقہ چیلنجز کے تناظر میں قومی سطح پر ان سے نمٹنے کے عزم کا اظہار کیا۔

معاہدے کے تحت سائبر سیکیورٹی کو بہتر بنانے اور پاکستان کے ڈیجیٹل نظام کو محفوظ اور قابل اعتماد بنانے کے لیے مشترکہ اقدامات کا تعین کیا گیا ہے۔

پی ٹی اے کے چیئرمین نے ڈیجیٹل مواصلاتی نظام اور قومی آئی ٹی انفراسٹرکچر کے تحفظ کے ضمن میں سائبر سیکیورٹی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے تعاون کی ضرورت و اہمیت پر زور دیا۔ این سی ای آر ٹی کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر حیدر عباس نے بڑھتے ہوئے سائبر خطرات کے خلاف مشترکہ حکمت عملی کی اہمیت پر روشنی ڈالی جس سے اہم شعبے خطرات کا شکار ہو سکتے ہیں۔

یہ شراکت پاکستان کی سائبر سیکیورٹی کے تحفظ اور متعلقہ تمام فریقین کو ایک محفوظ اور مربوط ڈیجیٹل ماحول کی فراہمی کی جانب ایک اہم پیشرفت ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں