کراچی:
پی سی بی نے انوکھا یوٹرن لے لیا، فائنلسٹ ٹیموں کے اعلان کے بعد جمعرات سے پانچ ٹیموں کے درمیان قومی ویمن ون ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ دوبارہ شروع ہورہا ہے۔
ٹورنامنٹ میں چیلنجرز، کانکرز، انوسیبلز،اسٹارز اور اسٹرائیکرز ڈبل لیگ فارمیٹ میں ایک دوسرے سےمقابلہ کریں گے۔
پہلے روز کے آر ایل گراونڈ، راولپنڈی پر کانکرز کا مقابلہ چیلنجرز کی ٹیم سے ہوگا جبکہ اسلام آباد کے مرغزار کرکٹ گراونڈ پر اسٹرائیکرز کو اسٹارز کا سامنا در پیش ہوگا۔
ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کو 33 لاکھ روپے کی انعامی رقم جبکہ رنر اپ کو 15 لاکھ روپے اور تیسری پوزیشن والی ٹیم کو 10 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔
ٹورنامنٹ میں معروف قومی کرکٹرز بطور مینٹورز اپنی خدمات انجام دیں گے، وقار یونس چیلنجرز، مصباح الحق کانکرز، سرفراز احمد انوسیبلز،شعیب ملک اسٹارز اور ثقلین مشتاق اسٹرائیکرز کے مینٹورز ہیں۔
قبل ازیں 8 نومبر سے کراچی میں حنیف محمد ریجنل ہائی پرفارمنس سینٹر کے اوول گراؤنڈ اور یوبی ایل گراونڈ پر ٹورنامنٹ کاآغاز ہوا تھا، 18 نومبر کو پی سی بی نے ٹیم ہوٹل میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آنے پر ٹورنامنٹ کو روکنے کا فیصلہ کیا تھا اور 5 راونڈز کے بعد سرفہرست دو ٹیموں انوسیبلز اور اسٹارز کو فائنل میں شرکت کا حقدار قرار دیا تھا۔
ایونٹ کا فائنل 22 دسمبر کو کے آر ایل گراونڈ پر کھیلا جائے گا۔