پاکستان کی معیشت استحکام کی جانب گامزن ہے سال 2024 میں مہنگائی ساڑھے تین سال کی کم ترین سطح تک آگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اپسوس کنزیومر کانفیڈنس انڈیکس سروے نے اپنی چوتھی سہہ ماہی رپورٹ جاری کردی ہے جس میں بتایا کہ پاکستان کی معیشت میں گزشتہ سال کے دوران قابل ذکر بہتری آئی ہے اور پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں بدستور تیزی کا رجحان ہے، سروے رپورٹ میں کہا گیا کہ چوتھی سہ ماہی کے سروے نتائج میں کئی اقتصادی ریکارڈز بھی قائم ہوئے اور پاکستان کی مزید اقتصادی بہتری کا امکان ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ پاکستان میں 2024 میں مہنگائی ساڑھے 3 سال کی کم ترین سطح تک پہنچ گئی ہے ستمبر 2023 کے بعد اقتصادی حالت مضبوط قرار دینے والے عوام کی تعداد میں 4 گنا اضافہ ہوا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ معیشت کے حوالے سے 19 فیصد افراد اگلے 6 ماہ میں بہتری کی توقع رکھتے ہیں، پاکستان نے پہلی بار ترکیہ کو عالمی صارف اعتماد کے انڈیکس میں پیچھے چھوڑا ہے۔
سروے رپورٹ کے مطابق پاکستان میں ملازمت کے تحفظ پر اعتماد میں مسلسل استحکام دیکھنے کو مل رہا ہے پاکستانیوں کی گھریلو خریداری کی صلاحیت میں6 پوائنٹس کی بہتری آئی اور مقامی اقتصادی حالات پر پاکستانیوں کا اعتماد 20 فیصد بڑھا جبکہ عدم اعتماد میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔
اپسوس گلوبل کنزیومر کانفیڈنس انڈیکس ایک اہم سروے ہے، اپسوس سروے صارفین کے معاشی حالات اور سرمایہ کاری کی صلاحیت کو اجاگر کرتا ہے۔