وفاق کی صوبوں کو اشیاء مہنگی بیچنے والوں کیخلاف کارروائی کی ہدایت

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل کمی کے باجود دالوں سمیت 18 غذائی اشیاء کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے


ظفر بھٹہ December 19, 2024

اسلام آباد:

وفاقی حکومت نے صوبائی حکومتوں کو ایسے ڈیلرز کے خلاف کارروائی کرنے کی ہدایت کی ہے جو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا پورا اثر صارفین کو منتقل نہیں کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ صوبائی حکومتوں کی عدم توجہی کے سبب پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا مکمل فائدہ صارفین کو نہیں پہنچ رہا ہے، لیکن اب وفاقی حکومت نے اس معاملے پر توجہ دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے صوبائی حکومتوں کو ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا کہہ دیا ہے۔

یہ فیصلہ نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کے ہونے والے حالیہ اجلاس میں کیا گیا ہے، سیکریٹری وزارت برائے پلاننگ، ڈیولپمنٹ، اینڈ اسپیشل انیشی ایٹو نے ان فیصلوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو ریلیف پہنچانے کیلیے صوبائی حکومتیں NPMC اجلاس میں ہونے والے فیصلوں پر عملدرآمد کریں۔

انھوں نے کہا کہ فیصلے کے مطابق تمام صوبائی حکومتیں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو پہنچانے کیلیے اٹھائے گئے اقدامات کی رپورٹ تیار کریں گی اور رپورٹس شیئر بھی کریں گی۔

واضح رہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل کمی کے باجود دالوں سمیت 18 غذائی اشیاء کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے، جبکہ 10 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے، لہسن، گھی، آلو، پیاز، چینی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، جس پر قابو پانے کیلیے اعلیٰ سطح پر بے چینی پائی جارہی ہے۔

حالیہ ہونے والے اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا ہے کہ وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ دالوں کے معاملے پر اگلے اجلاس میں اپنی الگ پریزنٹیشن پیش کرے گی۔

پنجاب حکومت جلد از جلد دالوں کی پیداوار میں کمی اور اس سے نمٹنے کیلیے بنائی گئی حکمت عملی پیش کرے گی، جبکہ اس حوالے سے اسٹیٹ بینک بھی اپنی تفصیلی رپورٹ پیش کرے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں