گجرانوالہ:
ایف آئی اے نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے یونان کشتی حادثے میں ملوث انسانی اسمگلر کو گرفتار کر لیا جو انسانی اسمگلنگ میں ملوث بین الاقوامی گینگ کا کارندہ ہے۔
فیڈل انویسٹی گیشن ایجنسی کے ترجمان کے مطابق ملزم مدثر علی یونان کشتی حادثے میں ملوث ہے ملزم بین الاقوامی گینگ کا کارندہ ہے جسے پھالیہ سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم نے بیرون ملک بھجوانے کے نام پر متاثرہ شہری سے مجموعی طور پر 34 لاکھ 50 ہزار روپے ہتھیائے اور متاثرہ شہری کو پہلے لیبیا بھجوایا بعد ازاں کشتی کے ذریعے لیبیا سے یونان بھجوانے کی کوشش کی جبکہ کشتی حادثے میں متاثرہ شہری احتشام انجم لاپتہ ہوگیا ہے۔
ترجمان کے مطابق ملزم مدثر علی کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ایف آئی کے ڈائریکٹر گجرانوالہ زون کے مطابق یونان کشتی حادثے میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاون جاری ہے ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔
ڈائریکٹر گجرانوالہ زون عبدالقادر قمر کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے کسی شخص کو بھی معصوم لوگوں کی زندگیوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں ہے ٹھوس شواہد کی روشنی میں ملزمان کو قرار واقعی سزائیں دلوائیں گے۔