کراچی:
شہر قائد میں ڈکیتی اور گاڑیاں چوری کرنے کی وارداتوں میں ملوث گینگ کے ارکان کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔
صدر کے علاقے میں مبینہ پولیس مقابلے میں کار لفٹر گینگ کے زخمی سمیت 5 ملزمان گرفتار کرلیے، جن سے اسلحہ،چھینے ہوئے فون، لیپ ٹاپ اور چوری شدہ کار و موٹر سائیکل برآمد کی گئی۔
ترجمان ایس ایس پی ضلع جنوبی کے مطابق پریڈی تھانے کی حدود میں بس اڈا کے قریب سفید کاراور موٹر سائیکل پر سوار 5 ملزمان جرائم کی غرض سے گھوم رہے تھے کہ گشت پر مامور پولیس نے ملزمان کو رکنے کا اشارہ کیا گیا، جس پر ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کردی۔
پولیس کی جوابی فائرنگ سے ملزم ذیشان ولد شریف زخمی ہوگیا، جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس نے زخمی سمیت دیگر 4 ملزمان شہزاد ولد ریاض، مزمل ولد فلک شیر، اذان ولد زاہد اور فرحان ولد شریف کو گرفتار کرلیا۔
گرفتار ملزمان سے ایک ٹی ٹی پستول، 8 عدد چھینے گئے فون، اک عدد لیپ ٹاپ، تھانہ پریڈی کی حدود سے چوری شدہ کار اور تھانہ بریگیڈ کی حدود سے چوری شدہ موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔
ملزمان کے قبضے سے چابیوں کا گچھا بھی برآمد ہوا ہے۔ ملزمان کار لفٹنگ کے علاوہ ڈکیتی، موٹر سائیکل لفٹنگ کی متعدد وارداتیں کر چکے ہیں اور اسی حوالے سے پولیس کو مطلوب تھے جب کہ ملزمان کا تعلق کراچی کے ضلع غربی سے ہے ۔
ملزمان کے خلاف مقدمات کا اندراج کر کے مزید تحقیقات کے لیے شعبہ تفتیش کے حوالے کر دیا گیا ہے۔