"واحد پاکستانی ہوں جو انڈین فنکاروں کو کام دینے بھارت گیا": وارث بیگ

پیسہ کمانے یا شہرت کے لیے میں کبھی اپنے ملک کی عزت پر سمجھوتا نہیں کر سکتا، گلوکار


ویب ڈیسک December 25, 2024
آج کے دور میں ہر شخص راتوں رات مشہور ہونا چاہتا ہے، وارث بیگ فوٹو: فائل

پاکستان کے معروف گلوکار وارث بیگ نے حالیہ انٹرویو میں دعویٰ کیا کہ وہ واحد پاکستانی ہیں جو بھارت کام کی تلاش میں نہیں گئے بلکہ بھارتی فنکاروں کو کام دینے گئے اور ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنے ملک کی عزت کو ہمیشہ اولین ترجیح دی ہے۔

وارث بیگ نے ایک ویب شو میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا، "پاکستان سے جتنے بھی لوگ بھارت گئے، وہ وہاں کام کی تلاش میں گئے، لیکن میں وہاں بھارتی فنکاروں کو مواقع فراہم کرنے گیا۔ میں نے بھارتی فنکاروں کو اچھے معاوضے پر کام دیا، خاص طور پر اُس وقت جب دونوں ممالک کے تعلقات کشیدہ تھے اور ویزا حاصل کرنا بہت مشکل تھا۔"

وارث بیگ نے مزید کہا، "میں نے ہمیشہ اپنی قوم کی عزت کا خیال رکھا ہے۔ پیسہ کمانے یا شہرت کے لیے میں کبھی اپنے ملک کی عزت پر سمجھوتا نہیں کر سکتا۔"

وارث بیگ نے اپنے انٹرویو میں بالی ووڈ کی معروف اداکاراؤں ملائکہ اروڑا اور امرتا اروڑا کے ساتھ اپنی میوزک ویڈیوز میں کام کرنے کے تجربے کو بھی یاد کیا اور اسے دلچسپ قرار دیا۔

انہوں نے اپنے بیٹے عمار بیگ کی میوزک انڈسٹری میں انٹری پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عمار نے نیا گانا لانچ کیا ہے جو شائقین کو بہت پسند آ رہا ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں