اجے دیوگن کی اسپورٹس ڈرامہ فلم "میدان"، جو اپریل 2024 میں ریلیز ہوئی، کو تنقیدی پذیرائی تو ملی لیکن باکس آفس پر زیادہ کامیابی حاصل نہ کر سکی۔
پروڈیوسر بونی کپور نے اس غیر متوقع ناکامی پر اپنی مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے فلم کو "ایک جھٹکا" قرار دیا۔
ایک انٹرویو بونی کپور نے کہا، "ظاہر ہے، میں بہت مایوس ہوا۔ کئی دنوں تک بہت افسردہ رہا، لیکن پھر آگے بڑھنا پڑتا ہے۔ راج کپور جیسے شاندار فلمسازوں کی بھی کچھ فلمیں توقعات پر پورا نہیں اتریں۔"
انہوں نے مزید کہا کہ "میدان" ایک معیاری فلم ہے اور وقت کے ساتھ یہ آئیکونک بن سکتی ہے۔ کئی فلمساز انہیں فون کرکے فلم کی تعریف کرتے ہیں اور اس کی ناکامی پر افسوس کا اظہار کرتے ہیں۔
بونی کپور نے اجے دیوگن کی اداکاری کو ان کے کیریئر کی بہترین کارکردگی قرار دیا۔ انہوں نے فلم کے ہدایتکار امت شرما، اداکارہ پریامنی اور گجراج راؤ سمیت پوری ٹیم کی محنت کی بھی تعریف کی۔
فلم کی ناکامی کی وجوہات پر بات کرتے ہوئے کپور نے کہا، "شاید ہم فلم کو درست طریقے سے پروموٹ نہیں کر سکے یا اس کی تشہیر میں کوئی کمی رہ گئی۔ شاید لوگوں کو لگا کہ فلم دیر سے آنے کی وجہ سے اپنی کشش کھو چکی ہے۔"
بونی کپور نے کہا کہ وہ فلم کی ناکامی کے باوجود اس پر فخر کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا، "میں اس فلم پر ہمیشہ فخر کرتا رہوں گا۔"