اسلام آباد:
پاکستان میں پولیو وائرس کے دو نئے کیسز سامنے آگئے، رواں سال مجموعی کیسز کی تعداد 67 ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، اور پولیو کے مزید دو کیس سامنے آئے ہیں جس کے بعد پولیو کیسز کی مجموعی تعداد 67 ہو گئی ہے۔
پولیو وائرس کا ایک کیس ٹانک ( خیبرپختونخوا) جبکہ دوسرا کشمور( سندھ) سے سامنے آیا ہے، پولیو حکام کی جانب سے بھی دونوں کیسز کی تصدیق کردی گئی ہے۔
رواں سال اب تک بلوچستان میں پولیو سے متاثر ہونے والے بچوں کی تعداد 27 اور سندھ میں 19 ہوگئی ہے۔
خیبرپختونخوا میں بھی اب تک 19 بچے پولیو سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ اسلام آباد اور پنجاب میں ایک ایک بچے میں پولیو کے مرض کی تصدیق ہوئی ہے۔