ممبئی: بالی ووڈ کے معروف فلم ساز بونی کپور نے حالیہ انٹرویو میں اپنی آنجہانی بیوی سری دیوی سے اپنی ابدی محبت کا اظہار کرتے ہوئے جذباتی انکشافات کیے ہیں۔
24 فروری 2018 کو سری دیوی کی المناک موت کے بعد، بونی کپور کی وفاداری اور ان سے محبت کی کہانیاں ہمیشہ خبروں میں رہتی ہیں۔
بونی کپور نے کہا: "میں سری دیوی سے محبت کرتا تھا، کرتا ہوں، اور مرتے دم تک کرتا رہوں گا۔" ان کے مطابق، سری دیوی جیسی مشہور شخصیت کا ان کے ساتھ زندگی گزارنے کا فیصلہ ان کی زندگی کی سب سے بڑی خوشی تھی۔
بونی نے اعتراف کیا کہ سری دیوی کی موت کے بعد بھی ان کی محبت ہمیشہ زندہ رہے گی، لیکن وہ انسان ہیں اور دوسری خواتین کی طرف کشش محسوس کرنا ایک فطری عمل ہے۔
انہوں نے کہا: "میرے دل میں سری دیوی کے لیے جو جذبہ اور محبت ہے، وہ کبھی ختم نہیں ہوگا۔ لیکن میں خواتین کی طرف کشش محسوس کر سکتا ہوں، یہ انسانی فطرت ہے۔"
سری دیوی اور بونی کپور کی محبت کی داستان دو دہائیوں پر محیط تھی، جس میں شہرت اور ذاتی زندگی کے چیلنجز شامل تھے۔
بونی کپور نے بتایا کہ ان کا رشتہ وقت کے ساتھ اور مضبوط ہوا، اور دونوں نے ایک دوسرے کو سمجھنے میں بہت کچھ سیکھا۔
انہوں نے کہا کہ وقت کے ساتھ شادی شدہ جوڑے ایک دوسرے کو زیادہ سمجھنے لگتے ہیں اور رشتے مزید گہرے ہو جاتے ہیں۔