کراچی:
شہر قائد میں مذہبی جماعت کی جانب سے احتجاجی دھرنوں نے ٹریفک پولیس کی ناقص کارکردگی کا پول کھول دیا۔
احتجاجی دھرنوں کے مقامات کی پیشگی نشاندہی کے باوجود ٹریفک پولیس متبادل راستوں پر ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے میں ناکام رہی۔
بدترین ٹریفک جام کی وجہ سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہونے سے شہری بری طرح سے رل گئے ، ایئر پورٹ جانے والے شہریوں کو بھی شدید مشکلات سامنا کرنا پڑ گیا۔
تفصیلات کے مطابق مذہبی جماعت کی جانب سے احتجاجی دھرنوں نے ٹریفک پولیس کی ناقص کارکردگی کا پول کھول دیا ، احتجاجی دھرنوں کے حوالے سے مقامات کی پیشگی نشاندہی کے باوجود ٹریفک پولیس متبادل راستوں پر ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے میں ناکام رہی جس کی وجہ سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہونے سے شہری بری طرح سے رل گئے۔
احتجاجی دھرنوں کی وجہ سے شارع فیصل اور ایم اے جناح روڈ سمیت شہر کی دیگر اہم سڑکوں پر بھی بدترین ٹریفک جام ہونے کی وجہ سے گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں جس کی وجہ سے عام شہریوں کو انتہائی دقت اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑ گیا۔
مذہبی جماعت کی جانب سے شارع فیصل کالا چھپرا ، مین نیشنل ہائی وے ملیر 15 پل جانب قائد آباد ، عباسی ٹاؤن ، یونیورسٹی روڈ جانب نیپا دونوں ٹریک احتجاج دھرنا دیا گیا جس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوگئی جبکہ ایئر پورٹ جانے والے مسافروں کو بھی انتہائی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ گیا ۔