لاہور:
پنجاب پولیس نے کچے میں ڈاکوؤں کے خلاف بڑے آپریشن کی تیاری شروع کردی۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق سانحہ ماچھکہ میں 12 پولیس اہلکاروں کی شہادت کے بعد کچے کے علاقے میں بڑے آپریشن کی تیاری شروع کردی گئی ہے، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر ڈی پی او رضوان گوندل ماچھکہ پہنچ گئے ہیں۔
ڈی پی او رضوان گوندل کے مطابق سانحہ ماچھکہ کے بعد انٹیلی جنس بیسڈ ٹارگٹڈ آپریشن میں 15 خطرناک ڈاکوؤں کو ہلاک کیا جاچکا ہے جن میں سے ایک ڈاکو کے سر کی قیمت ایک کروڑ روپے مقرر تھی۔
ڈی پی او رضوان گوندل نے کہا کہ کماد کی کٹائی مکمل ہونے کے بعد کچے میں پولیس آپریشن کی تیاریاں عروج پر ہیں، پولیس فورس نے دوبارہ پوزیشن سنبھال لی ہے، دریائے سندھ کے کنارے پنجاب اور سندھ کی سرحد پر تین پولیس کیمپ بنائے گئے ہیں۔
ڈی پی او نے کہا کہ ماچھکہ میں دریائی بچاؤ بند پر مزید 8 پولیس چوکیاں قائم کی گئی ہیں، پولیس کی نقل و حرکت، دریائی علاقوں تک رسائی کیلئے سولنگ بنائی جارہی ہے، رواں سال رحیم یار خان پولیس نے 35 ڈاکوؤں کو ہلاک، 60 سے زائد سہولت کاروں کو گرفتار کیا۔
انکا مزید کہنا تھا کہ پولیس کی ویلفیئر کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ہارڈ ایریا الاؤنس کا اعلان کیا جس سے پولیس کا مورال مزید بلند ہوا، پولیس کیمپس کو سولر پر منتقل کرکے فریزر، واٹر فلٹریشن پلانٹس فراہم کردئیے گئے ہیں، ڈاکوؤں سے مقابلے کیلئے موسمی صورتحال کے پیش نظر واٹر پروف کیمپس مہیا کر دئیے گئے ہیں۔