بھارتی اداکار سونو سود نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں ایک ریاست کا وزیراعلیٰ بننے کی پیشکش کی گئی تھی، جس کو انہوں نے مسترد کر دیا تھا۔
ایک حالیہ انٹرویو میں کووڈ کے دنوں کا ذکر کرتے ہوئے سونو نے بتایا کہ انہیں نہ صرف وزارتِ اعلیٰ بلکہ بعد میں نائب وزیراعلیٰ اور راجیہ سبھا کی نشست کی پیشکش بھی کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ انہیں یہ پیشکش ملک کے بہت بااثر افراد کی جانب سے کی گئی، جنہوں نے کہا کہ سیاست میں آ کر انہیں کسی سے لڑنے کی ضرورت نہیں ہوگی تاہم اداکار نے انکار کردیا۔
سونو کا کہنا تھا کہ یہ ایک دلچسپ مرحلہ تھا جب بااثر لوگ ان سے مل کر تبدیلی لانے کی بات کرتے تھے اور ان سے کہا گیا کہ عوام بھی یہی چاہتے ہیں کہ وہ سیاستدان بن جائیں لیکن اداکار نے کہا کہ وہ سیاست سے دور رہنا چاہتے ہیں کیونکہ انہیں خدشہ ہے کہ سیاست میں آنے سے ان کی آزادی محدود ہو جائے گی، جو اس وقت انہیں لوگوں کی مدد کے لیے حاصل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ سیاست کے خلاف نہیں ہیں اور ان کے کئی سیاست دان دوست ہیں جو اچھا کام کر رہے ہیں، لیکن فی الحال ان کا سیاست میں آنے کا کوئی ارادہ نہیں۔ البتہ مستقبل میں ان کا ارادہ بدل سکتا ہے۔
واضح رہے کہ کوویڈ 19 کے دوران سونو سود نے فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا تھا، جس کی بدولت بھارت سمیت دنیا بھر میں ان کی مقبولیت میں بے حد اضافہ ہوا اور انہیں نیشنل ہیرو کا خطاب بھی دیا گیا تھا سونو سوشل میڈیا پر بھی مختلف کیمپینز کا حصہ بنے دکھائی دیتے ہیں۔