ممبئی: بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان نے اپنی آنے والی فلم "بیبی جان" میں دھماکہ خیز انٹری دی ہے، جس سے ان کے ساتھی اداکار اور شائقین بےحد پرجوش ہیں۔
جنوبی اور شمالی انڈین سینما کے امتزاج پر مبنی اس فلم کو کالیس نے ڈائریکٹ کیا ہے، اور سلمان خان کی موجودگی نے فلم کو مزید دلچسپ بنا دیا ہے۔
اداکارہ وامقہ گبی نے فلم "بیبی جان" میں سلمان خان کے ساتھ کام کرنے کے تجربے کو یادگار قرار دیا۔
ایک خصوصی انٹرویو میں انہوں نے کہا، "صبح سے شام تک میرے وین میں صرف ان کے گانے چل رہے تھے۔ میں اور میری ٹیم انہی گانوں پر ڈانس کر رہے تھے۔ ان کے ساتھ کام کرنا ایک خواب جیسا تھا۔ ان کی توانائی متاثر کن ہے اور ان کے آس پاس ہونا واقعی خاص محسوس ہوتا ہے۔"
فلم کے مرکزی اداکار ورون دھون نے بھی سلمان کی موجودگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا: "ہم ہمیشہ انہیں خوش دیکھنا چاہتے ہیں۔ اس فلم میں وہ ہمیں اپنی پرانی دلکش جھلک دکھائیں گے، جس میں ان کی جادوئی شخصیت اور توانائی سب کو مسحور کر دے گی۔"
ہدایتکار کالیس نے سلمان کی تعریف کرتے ہوئے کہا، "سلمان خان ایک فلم ہیں، بغیر کیمرے کے۔ ان کی موجودگی ہی سینما کی روح کو زندہ کر دیتی ہے۔ وہ تھیٹر کو اسٹیشن میں تبدیل کر سکتے ہیں۔"
فلم "بیبی جان" کا مقصد شمالی اور جنوبی ہندوستانی سینما کے درمیان فاصلوں کو کم کرنا اور ایک ایسی کہانی پیش کرنا ہے جو دونوں خطوں کے ناظرین کے دلوں کو چھو سکے۔ یہ فلم اپنی منفرد کہانی اور جاندار اداکاری سے شائقین کو حیران کرنے کے لیے تیار ہے۔