KHANEWAL:
جہانیاں میں بائی پاس چوک پر ڈکیتی کی بڑی واردات میں مسلح ڈاکو تاجر سے ساڑھے 6 کروڑ روپے لوٹ کر لے گئے، جبکہ فائرنگ سے ایک راہگیر بھی زخمی ہوگیا، پولیس نے متعدد مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا۔ واردات کی CCTV فوٹیج ایکسپریس نیوز کو موصول ہو گئی۔
ترجمان پولیس کے مطابق ڈکیتی کی واردات بائی پاس چوک پر رونما ہوئی جہاں 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 4 مسلح ڈاکوؤں نے بیوپاری کی کار روکی اور اسلحے کے زور پر کار میں رکھے گئے ساڑھے 6 کروڑ روپے لوٹ لیے، اس دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک راہگیر زخمی ہوگیا۔
پولیس کے مطابق واردات کے بعد علاقہ کی ناکہ بندی کرکے متعدد مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے جبکہ واردات کی اطلاع پر ڈی پی او خانیوال موقع پر پہنچ گئے اور ایس پی انویسٹی گیشن، ڈی ایس پی اور سی آئی اے کی ٹیمیں تفتیش میں مصروف ہیں۔
دریں اثنا واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج ایکسپریس نیوز کو موصول ہوگئی جس میں ملزمان کو فائرنگ کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
ترجمان پولیس کے مطابق پولیس ٹیم نے شواہد کی بنیاد پر ملزمان کے گرد گھیرا تنگ کردیا ہے اور ملزمان کی موجودگی کی اطلاع پر زین سٹی کے قریب گھر پر چھاپہ مار کر متعدد مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔
ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کو جلد ٹریس کرکے گرفتار کرلیا جائے گا۔