رواں سال مختلف حادثات و واقعات سے کراچی میں کتنی ہلاکتیں ہوئیں؟ اعدادوشمار جاری

رواں سال ڈکیتی مزاحمت پر 110 شہری جاں بحق جبکہ 21 ڈاکو ہلاک اور 65 ڈاکو زخمی ہوئے ہیں، چھیپا فاؤنڈیشن


اسٹاف رپورٹر December 28, 2024
فوٹو: فائل

کراچی:

چھیپا فاؤنڈیشن نے انسانیت کی خدمت کو برقرار رکھتے ہوئے رواں سال 2024 میں بھی اپنی بھرپور فلاحی و امدادی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھا، چھیپا فاؤنڈیشن نے رواں سال کے دوران قتل و غارت گری ، سلنڈر دھماکوں ، خودکشی ، کرنٹ سے ، جھلس کر ، تشدد زدہ و بوری بند اور دیگر واقعات میں ہونے والی ہلاکتوں کے اعداد و شمار جاری کیے ہیں۔

ترجمان چھیپا فاؤنڈیشن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق شہر میں رواں سال 2024 میں یکم جنوری سے 27 دسمبر تک مختلف واقعات و حادثات میں ہونے والی ہلاکتوں کے دوران رواں سال ڈکیتی مزاحمت پر اب تک 110 شہری جاں بحق جبکہ شہریوں کے تشدد سے 21 ڈاکو ہلاک اور 65 ڈاکو زخمی بھی ہوئے ہیں ، شہر میں فائرنگ کے مجموعی واقعات میں 356 افراد جاں بحق ہوئے جس میں 314 مرد ، 28 خواتین ، 9 بچے اور 5 بچیاں شامل ہیں جبکہ فائرنگ کے واقعات میں مجموعی طور پر 1616 افراد زخمی ہوئے جس میں 1406 مرد ، 109 خواتین اور 29 بچے و بچیاں شامل ہیں نامعلوم سمت سے آنے والی گولیاں لگنے سے زخمی اور اس سے ہونے والی ہلاکتیں بھی اسی اعداد و شمار میں شامل ہیں۔

ترجمان چھیپا فاؤنڈیشن کے مطابق رواں سال مختلف واقعات میں 33 افراد کی تشدد زدہ لاشیں برآمد ہوئی ہیں جس میں 9 لاشیں بوریوں میں بند تھیں ، ملنے والی لاشوں میں  22 مرد ، 7 خواتین ، 2 بچے اور 2 بچیاں شامل ہیں جبکہ ملنے والی 9 بوری بند لاشوں میں سے 7 لاشیں مردوں کی جبکہ ایک خاتون اور ایک بچی کی تھی اس کے علاوہ تیز دھار آلے (چھریوں) کے وار سے 55 افراد قتل ہوئے جس میں 44 مرد اور 11 خواتین شامل تھیں۔

ترجمان چھیپا فاؤنڈیشن کے مطابق مختلف علاقوں میں گیس سلنڈر پھٹنے کے واقعات میں 8 افراد جاں بحق جبکہ 43 افراد زخمی ہوگئے ، چھت سے گرنے کے واقعات میں 70 افراد ، چھتیں گرنے کے واقعات میں 9 افراد زندگی کی بازی ہار گئے ، ٹرین کی ٹکر سے 45 افراد زندگی سے محروم ہوگئے جبکہ پانی میں ڈوب کر 74 افراد زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے ، شہر میں آگ سے جھلسنے کے واقعات میں 12 افراد جاں بحق جبکہ 119 افراد زخمی بھی ہوئے۔

ترجمان چھیپا فاؤنڈیشن کے مطابق شہر میں رواں سال کرنٹ لگنے کے واقعات میں مجموعی طور پر 131 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ مین ہولز میں گرنے کے واقعات میں 8 افراد زندگی سے محروم ہوگئے جس میں 5 مرد اور 3 بچے شامل ہیں ، چھیپا فاؤنڈیشن کے مطابق رواں سال میں 14 افراد کھلے نالوں میں ڈوب کر جاں بحق ہوئے جس میں 9 مرد اور 5 بچیاں شامل ہیں ۔

چھیپا فاؤنڈیشن کے مطابق مختلف علاقوں میں خودکشی کے واقعات میں 100 افراد نے اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا جس میں 64 مرد اور 36 خواتین شامل ہیں ، چھیپا فاؤنڈیشن کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق سر راہ طبعی طور پر وفات پانے والے 280 افراد کی میتوں کو بھی اسپتال منتقل کیا جبکہ رواں سال کےدوران شہر کے مختلف علاقوں سے مجموعی طور پر 29 نوزائیدہ بچوں کی لاشیں بھی ملیں اس کے ساتھ ساتھ شہر میں منشیات کے عادی افراد کی 363 لاشیں ملیں جو منشیات کی زیادتی کے باعث ہلاک ہوئے جس میں 351 مرد اور 12 خواتین کی لاشیں شامل ہیں جنہیں چھیپا کے رضا کاروں نے شہر مختلف علاقوں سے اٹھایا جبکہ ملنے والی زیادہ تر لاشیں لاوارث تھیں جنہیں چھیپا سرد خانے میں منتقل کر کے غسل و کفن کے بعد چھیپا قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

تشویشناک صورتحال

Dec 28, 2024 01:16 AM |

چاول کی برآمدات

Dec 28, 2024 01:12 AM |

ملتے جلتے خیالات

Dec 28, 2024 01:08 AM |