نیشنل بینک آف پاکستان اور اس کی نیویارک برانچ کے خلاف نافذ کردہ اقدامات کے خاتمے کا اعلان ہوگیا ہے اور فیڈرل ریزرو امریکا نے نیشنل بینک سے متعلق انفورسمٹ کاروائیاں ختم کردی ہیں۔
نیشنل بینک کی انتظامیہ کی جانب سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو بذریعہ خط اس ضمن میں آگاہ کر دیا گیا ہے، خط میں کہا گیا ہے کہ 22فروری 2022 کو جاری کیا گیا ’’سیز اینڈ ڈیسسٹ آرڈر‘‘ 2دسمبر 2024 کو ختم کر دیا گیا ہے، اس کے علاوہ 14 مارچ 2016 کو طے پایا گیا تحریری معاہدہ 17دسمبر2024 کو ختم کر دیا گیا ہے۔
یہ اطلاع پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے قواعد شِق اور سیکیورٹیز ایکٹ مجریہ 2015 کے سیکشن 96 اور 131 کے تحت دی گئی ہے، نیشنل بینک آف پاکستان نے اسٹاک ایکسچینج کے ذریعے متعلقہ اسٹاک ہولڈرز کو آگاہ کردیا ہے۔
واضح رہے یہ اطلاع نیشنل بینک آف پاکستان کے کاروباری عمل کے لیے ایک مثبت پیشرفت ہے جو عالمی سطح پر اعتماد میں اضافے کا باعث بنے گی۔