ایئرپورٹ سیکورٹی فورس نے فیصل آباد کے ہوائی اڈے پر کارروائی کے دوران آئس بیرون ملک اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی۔
ترجمان ایئر پورٹ سکیورٹی فورس کے مطابق فیصل آباد ایئرپورٹ پر عملے نے بروقت کارروائی کر کے دبئی جانے والی پرواز پر ایک مسافر سے آئس ہیروئن برآمد کرلی، دبئی کی پرواز پر مسافر محمد ابو بکر کے دستی سامان میں منشیات کی موجودگی کی نشاندہی ہوئی، مسافر نے یہ منشیات اپنے بیگ میں مہارت سے چھپا رکھی تھی۔
تاہم اے ایس ایف کے عملے نے مسافر کے سامان کی تلاشی پر 550 گرام آئس ہیروئن برآمد کر کے اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی۔
ملزم کو ابتدائی تفتیش کے بعد مزید قانونی کارروائی کے لیے برآمد شدہ منشیات کے ساتھ اے این ایف حکام کے حوالے کر دیا گیا۔