حیدرآباد میں ہونے والی شادی کی تقریب میں دولہا کے گھر والوں نے دلہن کے گھر پر ہوائی جہاز سے نوٹوں کی بارش کردی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
شادی کی تقریبات میں دولہا کے گھر والوں کی جانب سے اکثر پیسے لٹائے جاتے ہیں اور اب سندھ کے شہر حیدرآباد میں ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں دولہے کے والد نے مبینہ طور پر دلہن کے گھر پر نقد رقم لٹانے کے لیے ہوائی جہاز سے اس کے گھر پر نوٹوں کی بارش کر دی۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ہوائی جہاز کے ذریعے دلہن کے گھر پر نقد رقم کی بارش کی جا رہی ہے اور لوگوں کو فون پر ویڈیو ریکارڈ کرتے بھی دیکھا جاسکتا ہے جبکہ کچھ لوگ ڈھول کی تھاپ پر رقص کر رہے ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے دلچسپ تبصرے بھی کیے جارہے ہیں جبکہ کچھ صارفین اسے دولت کی نمائش بھی قرار دے رہے ہیں، ایک صارف نے لکھا کہ آسمان سے نقدی پھینکنے کے بجائے اس رقم کو پسماندہ افراد کی مدد کے لیے استعمال کیا جاسکتا تھا۔