کراچی: نوجوان اکلوتے بیٹے کی غربت سے دلبرداشتہ ہو کر خودکشی

سلمان گھر کی معاشی حالت اور غربت سے دلبرداشتہ تھا، ماموں


اسٹاف رپورٹر December 29, 2024

کراچی:

والدین کے اکلوتے نوجوان بیٹے نے غربت سے دلبرداشتہ ہو کر خودکشی کرلی۔

تفصیلات کے مطابق قائدآباد کے علاقے لانڈھی اسپتال چورنگی نعمانی مسجد کے قریب گھر میں پراسرار طور پر خود کو گولی مار کر ایک شخص نے خودکشی کی کوشش کی جسے انتہائی تشویشناک حالت میں جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج دم تور گیا، متوفی کی شناخت 24 سالہ سلمان محسود ولد قادراللہ محسود کے نام سے کی گئی۔

ایس ایچ او قائد آباد انسپکٹر فراست نے بتایا کہ خودکشی کرنے والے نوجوان کے والد محکمہ پولیس سے برطرف سپاہی ہیں جو تقریباً 7 سال قبل سکیورٹی زون ٹو میں تعینات تھے جہاں سے اعلیٰ افسران نے انہیں برطرف کر دیا تھا، متوفی کے ماموں ودیگر رشتے دار بھی محکمہ پولیس میں ملازمت کرتے ہیں۔

جاں بحق نوجوان کے ماموں نے بتایا کہ سلمان اپنے والدین کی اکلوتی اولاد تھا، کچھ عرصہ قبل تک ایک فیکٹری میں ٹھیکیدار کے ساتھ کام کرتا تھا، ٹھیکیدار نے بھی کافی عرصہ تک کام کرانے کے بعد معاوضہ ادا نہیں کیا۔

انہوں نے بتایا کہ سلمان نے گھر کی معاشی حالت اور غربت سے دلبرداشتہ ہو کر خودکشی کی ہے، انہوں نے وزیر اعلیٰ، گورنر سندھ، آئی جی غلام نبی میمن سے مطالبہ کیا کہ جاں بحق ہونے والے نوجوان کے والد کو ملازمت پر بحال کیا جائے تاکہ وہ اپنا اور اہلیہ کا گزر بسر کر سکیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں