اسلام آباد:
مسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی کا کہنا ہے کہ بی ایل اے اور بانی پی ٹی آئی کی صورت میں خوارج پیدا کرنے کی سازش ہو رہی ہے۔ رینجرز اہلکاروں کو کچلنے والے نے اعتراف کیا کہ اس نے بانی پی ٹی آئی کی تقاریر سے متاثر ہوکر ایسا کیا۔
راولپنڈی میں اپنی رہائش گاہ پرپریس کانفرنس سے خطاب کرتے حنیف عباسی کا مزید کہنا تھا کہ ہم کوئی غیر ذمہ دارانہ رویہ اختیار نہیں کریں گے، کبھی ہزاروں لوگوں کے زخمی اور مرنے کی جعلی باتیں کی جاتی ہیں، یہ سب ٹویٹر اکاؤنٹ سے چلایا جاتا ہے، ایٹمی پروگرام اس ملک اور قوم کا ہے،ہم نے اپنے ملک کے خلاف سازشوں کو بھانپنا ہے، تمام ملزمان کو سزائیں فوٹیجز کے ساتھ دی گئی ہیں،پریس کانفرنس کروا کر جن کو چھوڑا گیا وہ بھی منصوبہ سازوں میں شامل ہیں۔
لیگی رہنما نے کہا کہ پاکستان کو آج شام اور عراق ماڈل پر پرکھا جا رہا ہے۔ملک میں پشتون کارڈ کھیلنے کی کوشش کی گئی، پاکستان کے خلاف سازشوں کے آلہ کار ہمارے ہی لوگ ہیں،فیک وڈیوز میں شہداء کا مذاق اڑایا جاتا ہے، واضح کر دیں کہ ہم شام عراق اور لیبیا نہیں ہیں، ایٹمی پروگرام فوج کے محفوظ ہاتھوں میں ہے، رینجرز کے 4 اہلکار اور ایک پولیس کانسٹیبل شہیدا ہوا، پیسوں کی بنیاد پر لوگ ملک کی سالمیت پر حملہ آور ہیں،جتھوں کی حکومت آگئی تو کوئی محفوظ نہیں ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بڑے عرصہ سے سول نافرمانی کی بات ہو رہی ہے،ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے سامنے احتجاج ہوئے،امداد نہ دینے کے لیے خطوط لکھے گئے، لابی فرمز کو ہائر کرکے کانگریس مین کے ذریعے حملہ آور ہونے کی کوشش کی گئی۔ پاکستان کی تاریخ میں ترسیلات زر 21 ارب 70 کروڑ ڈالر ہیں، جنوری تا نومبر۔ ساڑھے 7 ارب سعودی عرب، 40 ارب یوکے، 3 ارب یورپ اور دیگر ممالک سے ہیں۔ شرح سود کو بھی جلد سنگل ڈیجٹ میں لے کر جائیں گے،شہباز شریف کی قیادت میں ملک کو استحکام ملنا شروع ہوگیا ہے۔
حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ آج سعودی عرب، ترکی، یو اے ای اور چین کے سرمایہ کار ملک میں آرہے ہیں۔ 26 نومبر کو پاکستان پر حملہ کرکے پاکستان کی پیٹھ میں چھرا گھونپا گیا، آج افغانستان جیسا ملک بھی ہمیں آنکھیں دکھا رہا ہے، پی ٹی آئی کے ٹویٹر اکاؤنٹ اس سب پر شادیانے بجا رہے ہیں،یہ لوگ امریکی غلامی نا منظور، ایبسلوٹلی ناٹ، ہم کوئی غلام ہیں کی بات کرتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے پارلیمنٹ کے فلور پر پہ ٹی آئی سے معافی مانگنے کا مطالبہ نہیں کیا،اگر معافی دینی ہے تو سزا پانے والے بچوں کو معاف کریں، آرمی ایکٹ میں سویلین کا ٹرائل لکھا ہوا ہے، میرا رشتے دار بھی تنصیبات پر حملہ کرے تو اسے بھی فوجی عدالت میں جانا چاہیے، یہاں گاڑیاں موٹرسائیکل جل جاتی ہیں ان کو گڈ ٹو سی یو کہا جاتا ہے، ایٹمی پروگرام کی بنیاد کے بعد سے 160 سیکشن لگ چکی ہیں۔
حنیف عباسی نے کہا کہ ان کو لگتا ہے ڈونلڈ ٹرمپ آکر پاکستان پر حملہ آور ہو جائیں گے، ایسا تو کبھی کوئی ملک بھی نہیں کرتا، جب کوئی ملک میں مداخلت کریں گے تو دیکھیں گے۔ پی ٹی آئی والے اپنے منتقی انجام کو دیکھ رہے ہیں، چالیس سال تک جن کو ہم نے سینے سے لگا کر رکھا ہے،ان میں نفرت ہم دیکھ رہے ہیں۔