سوشل میڈیا سمیت مختلف غیر ملکی میڈیا پلیٹ فارمز پر یہ افواہیں گردش کر رہی ہیں کہ ہالی ووڈ اسٹار لیونارڈو ڈی کیپریو مشہور زمانہ ویب سیریز ’اسکوئڈ گیم‘ کے تیسرے سیزن میں اداکاری کے جوہر دکھائیں گے۔
تاہم نیٹ فلکس نے ان افواہوں پر ردعمل دیتے ہوئے انکی تردید کردی ہے، اپنے حالیہ بیان میں نیٹ فلکس نے کہا کہ اسکوئڈ گیم کے سیزن 3 سے متعلق یہ خبریں مکمل طور پر غلط ہیں لیونارڈو سیریز میں شامل نہیں ہیں۔
یاد رہے کہ اسکوئڈ گیم 3 کے حوالے سے ایک غیر ملکی میڈیا پلیٹ فارم پر خبر دی گئی تھی کہ لیونارڈو ڈی کیپریو نے سیریز کی شوٹنگ کا آغاز بھی کردیا ہے جس کو خفیہ رکھا گیا ہے۔
نیٹ فلکس نے اسکوئڈ گیم 2 کی ریلیز اور شاندار کامیابی کے بعد اس کے تیسرے سیزن کا اعلان کیا ہے، نیٹ فلکس کے مطابق 2025 میں تیسرا سیزن ریلیز کردیا جائے جس پر شائقین بےحد خوش ہیں۔
واضح رہے کہ اسکوئڈ گیم 2 نے ریلیز سے اب تک 68 ملین ویوز حاصل کر لیے ہیں اور پہلے سیزن کی طرح دوسرا سیزن بھی شائقین کی جانب سے بےحد پسند کیا جارہا ہے۔