بالی وڈ کی معروف اداکارہ ہمانی شیوی پوری نے حالیہ انٹرویو میں اپنی زندگی کے سب سے مشکل وقت اور شاہ رخ خان کی جانب سے ملنے والے جذباتی سہارا پر کھل کر بات کی۔
انہوں نے اپنے شوہر کے انتقال کے بعد کے کٹھن دنوں کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ شاہ رخ خان ان کے لیے ایک مضبوط سہارا بنے۔
ٹائمز آف انڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں ہمانی شیوی پوری نے بتایا کہ ان کے شوہر کے انتقال کا وقت ان کی زندگی کا سب سے مشکل مرحلہ تھا۔ غم اور صدمے کے ان دنوں میں شاہ رخ خان نے ان کا بھرپور ساتھ دیا۔
ہمانی نے کہا، ’’شاہ رخ خان میرے لیے سہارا بنے، جب مجھے اس کی سب سے زیادہ ضرورت تھی۔ انہوں نے اس وقت میرا ساتھ دیا جب میں بالکل تنہا تھی۔‘‘
اپنے چار دہائیوں پر مشتمل کیریئر پر روشنی ڈالتے ہوئے ہمانی نے بتایا کہ ان کی زندگی میں جہاں کامیابیاں آئیں، وہیں ذاتی مسائل نے بھی انہیں آزمایا۔
انہوں نے کہا، ’’ہر جدوجہد نے مجھے کچھ نیا سکھایا۔ میرا سفر سیکھنے، بڑھنے اور لوگوں کے تعاون سے بھرا ہوا ہے۔‘‘
ہمانی کے جذباتی انکشافات نے ان کے مداحوں کو متاثر کیا، اور شاہ رخ خان کے انسان دوست رویے کی تعریف کی جا رہی ہے۔