مشہور بالی ووڈ اداکار رنویر سنگھ کی آنے والی فلم کی شوٹنگ کے دوران لی گئی تصاویر سوشل میڈیا پر لیک ہو گئیں۔
ان تصاویر میں رنویر سنگھ کو ایک سردار کے کردار میں دکھایا گیا ہے، جو جنگی ماحول میں مکمل تیار ہیں۔ فلم کی ہدایت کاری معروف فلم ساز آدتیہ دھر کر رہے ہیں، اور اس فلم کا ممکنہ نام "دھرندھر" بتایا جا رہا ہے۔
لیک شدہ تصاویر میں رنویر سنگھ کو ایک جانب پگڑی باندھے ہوئے سردار کے روپ میں دکھایا گیا، جبکہ دوسری تصاویر میں وہ لمبے بالوں کے ساتھ ایک جنگی رائفل تھامے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ یہ فلم جنگ کے پس منظر پر مبنی ہے، جس کا ذکر آدتیہ دھر نے اپنی پہلے کی گفتگو میں کیا تھا۔
رنویر سنگھ کی ان تصاویر پر مداحوں نے زبردست ردعمل دیا۔ سوشل میڈیا پر صارفین نے ان کے نئے روپ کی تعریف کرتے ہوئے لکھا: "یہ فلم ہٹ ہوگی", "لگ رہا ہے، رنویر اپنے بہترین میں ہیں"۔
رپورٹس کے مطابق، اس فلم میں رنویر سنگھ کے ساتھ سنجے دت، ارجن رامپال، آر مادھون، اور اکشے کھنہ جیسے بڑے اداکار شامل ہیں۔ حال ہی میں اداکار راکش بیڈی نے بھی انسٹاگرام پر فلم کی شوٹنگ مکمل ہونے کی خبر دی، جس میں فلم کا نام "دھرندھر" بتایا گیا، لیکن بعد میں انہوں نے پوسٹ ڈیلیٹ کر دی۔