بالی ووڈ کی مشہور جوڑی ابھیشیک بچن، ایشوریا رائے بچن، اور ان کی بیٹی آرادھیا کو نئے سال کی تقریبات اور چھٹیاں منا کر والپس لوٹتے ہوئے ممبئی ایئرپورٹ پر دیکھا گیا ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل تصاویر اور ویڈیوز میں، ابھیشیک کو ایئرپورٹ سے باہر آتے ہوئے دیکھا گیا، جبکہ ایشوریا اور آرادھیا ان کے پیچھے چل رہی تھیں۔ گاڑی تک پہنچنے کے بعد، ابھیشیک نے ایشوریا اور آرادھیا کے لیے دروازہ کھولا تاکہ وہ آرام سے بیٹھ سکیں۔ گاڑی میں بیٹھنے کے بعد، ایشوریا نے میڈیا کو ’ہیپی نیو ایئر، گڈ بلیس‘ کہہ کر مبارکباد دی۔
یاد رہے کہ سوشل میڈیا پر ابھیشیک اور ایشوریا کے طلاق کی افواہیں گردش کر رہی ہیں، جو اس وقت مزید شدت اختیار کر گئیں جب جوڑا جولائی میں ایک شادی میں الگ الگ پہنچا۔ ابھیشیک کے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ کو لائک کرنے کے بعد یہ قیاس آرائیاں بڑھ گئیں، جس میں ’طلاق‘ کے بڑھتے رجحان پر بات کی گئی تھی۔
تاہم اس جوڑے کی نئے سال کی چھٹیاں گزارنے کے بعد ایک ساتھ تصاویر اور ویڈیوز سامنے آنے کے بعد یہ افواہیں دم توڑ گئی ہیں۔
ایشوریا رائے اور ابھیشیک بچن اپریل 2007 میں شادی کے بندھن میں بندھے تھے اور نومبر 2011 میں ان کی بیٹی آرادھیا پیدا ہوئی تھی تاہم گزشتہ کچھ ماہ سے ان کی طلاق کی افواہوں کے باعث یہ دونوں بھارتی میڈیا کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔