گاندھی کو 'پاکستان کا باپ' کہنے پر بھارتی گلوکار کو قانونی نوٹس جاری

پونے کے وکیل آسم ساوڑے نے گلوکار کو ایک پوڈکاسٹ میں دیے گئے متنازع بیان پر قانونی نوٹس بھجوا دیا ہے


ویب ڈیسک January 06, 2025

پونے کے وکیل آسم ساوڑے نے گلوکار ابھیجیت بھٹاچاریہ کو ایک پوڈکاسٹ میں دیے گئے متنازع بیان پر قانونی نوٹس بھجوا دیا ہے۔ اس پوڈکاسٹ میں ابھیجیت نے مہاتما گاندھی کو "پاکستان کا باپ" قرار دیا تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق، وکیل آسم ساوڑے نے اپنے مؤکل منیش دیشپانڈے کی جانب سے ابھیجیت کو نوٹس بھجوایا، جس میں ان سے فوری معافی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ اگر گلوکار نے معافی نہ مانگی تو ان کے خلاف بھارتی نیایا سنہتا (BNS) کی دفعات 353 (عوامی انتشار) اور 356 (ہتک عزت) کے تحت شکایت درج کی جائے گی۔

پوڈکاسٹ کے دوران ابھیجیت نے مہاتما گاندھی کا تقابل موسیقار آر ڈی برمن سے کرتے ہوئے کہا، "مہاتما گاندھی بھارت کے نہیں بلکہ پاکستان کے باپ ہیں۔ بھارت تو پہلے سے موجود تھا، پاکستان بعد میں بھارت سے الگ ہوا۔ گاندھی کو غلطی سے بھارت کا باپ کہا گیا ہے۔"

وکیل نے نوٹس میں گاندھی جی کی خدمات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہندو مسلم اتحاد اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے انتھک محنت کی۔

وکیل نے مزید کہا، "آزادی کی تحریک کے دوران جب تقسیم کی بات ہوئی تو گاندھی جی نے کہا تھا، ’میری لاش پر سے گزر کر ہی بھارت تقسیم ہوگا۔ جب تک میں زندہ ہوں، میں کبھی تقسیم کو قبول نہیں کروں گا۔‘"

یہ پہلا موقع نہیں جب ابھیجیت بھٹاچاریہ اپنے بیانات کی وجہ سے خبروں میں ہیں۔ حالیہ دنوں میں انہوں نے برطانوی گلوکارہ دعا لیپا پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے ممبئی میں گانا گاتے وقت انہیں کریڈٹ نہیں دیا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں