2025ء ... پاکستان کیلئے تعمیر و ترقی اور بہتری کا سال !!

ماہرین علم نجوم اور علم الاعداد کی ’’ایکسپریس فورم‘‘ میں پیش گوئیاں


عکاسی: وسیم نیاز

غیب کا علم بلاشبہ اللہ تعالیٰ کی ذات کو ہے اور کوئی بھی شخص اس کا دعویٰ نہیں کر سکتا۔

انسانی علم، فکر اور سائنس کی بنیاد پر کیے جانے والے تجزیے، اندازے اور پیش گوئیاںاگرچہ حتمی اور یقینی نہیں ہوتی لیکن انسانی دلچسپی کے حوالے سے اپنی اہمیت رکھتی ہیں۔ اس امر کو مدنظر رکھتے ہوئے ’’سال 2025ء کی پیش گوئیوں‘‘ کے حوالے سے ’’ایکسپریس فورم‘‘ میں خصوصی مذاکرہ کا اہتمام کیا گیا جس میں ماہرین علم نجوم اور علم الاعداد کو مدعو کیا گیا۔ فورم میں ہونے والی گفتگو نذر قارئین ہے۔

سید انتظار حسین زنجانی

(ماہر علم نجوم و علم الاعداد)

ستارہ مریخ آسمانی فوجوں کا کمانڈر انچیف ہے۔ یہ 20 اکتوبر 2024 سے لے کر 21 جنوری تک کمزور ہے۔ اس کے بعد یہ برج جوزہ میںواپس جائے گا۔ پھر 3 اپریل سے لے کر 7 جون تک دوبارہ کمزور ہوگا۔ اس سال چونکہ جنگ و جدل کرانے والا ستارہ کمزور ہے لہٰذا حکومت اور تحریک انصاف بیک فٹ پر جائیں گے۔

آسمانی کونسل پر ستاروں کی چال بتا رہی ہے کہ مذاکرات کامیاب ہوں گے۔جب مریخ، برج جوزہ میں جائے گا تو حالات میں کچھ اتار چڑھاؤ آئے گا لیکن اونٹ کامیابی کی طرف ہی بیٹھے گا، یہی پوری قوم کی خواہش اور دعا ہے اور یہی پاکستان کی فلاح کیلئے بہتر ہے۔ 2025ء کا مفرد عدد 9 ہے۔

ستارہ مریخ کی ٹرانزٹ کی عمر 26سے 30 دن ہوتی ہے۔ میری زندگی میں پہلی مرتبہ یہ ستارہ 160 دن برج سلطان میں کمزور رہے گا لہٰذا اس دوران پوری دنیا میں جنگ و جدل میں کمی آئے گی اور پاکستان کے حالات بھی بہتر ہوںگے۔منگل کا دن مریخ سے منسوب ہے۔ سورۃ کوثر کی آیت کا ترجمہ ہے ’’ تو اپنے پروردگار کیلئے نماز پڑھا کرو اور قربانی دیا کرو‘‘۔پاکستان میں اللہ تعالیٰ کی پسند کے برعکس قربانی کے عمل کو روکا گیا ہے۔

پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جہاں منگل اور بدھ کو تمام مذبحہ خانے بند ہوتے ہیں لہٰذا جب قربانی نہیں ہوتی تو انسان زبحہ ہوتے ہیں۔ علماء کرام اس آیت کی تشریح فرمائیں۔ اس وقت تمام ملکی ادارے آپس میں دست و گریبان ہیں۔ عوام کا بھی یہی حال ہے۔ میری حکومت پاکستان سے گزارش ہے کہ اللہ کی پسند کے مطابق اس پابندی کو ختم کریں تاکہ انسانوں کی قربانی ختم اور ملک کے حالات بہتر ہوں۔ پاکستان میں اب تک 6 ماشل لاء لگے جن میں چار فوجی ، ایک سول اور ایک جوڈیشل مارشل لاء شامل ہیں، یہ سب منگل کے دن لگے۔

میں نے سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف سے بھی گزارش کی تھی کہ یہ پابندی ختم کر دیں۔ اب ان کے چھوٹے بھائی میاں محمد شہباز شریف کی حکومت ہے، انہیں یہ پابندی ختم کرنی چاہیے۔ اسلامی نظریاتی کونسل سے گزارش ہے کہ اس حوالے سے حکومت کی رہنمائی کرے۔

سال 2025ء پاکستان کیلئے تعمیر و ترقی اور بہتری کا سال دکھائی دیتا ہے۔ جیسے ہی مریخ برج سلطان سے نکلے گا حالات بہتر ہوں گے۔ڈونلڈ ٹرمپ کا یہ آخری دور ہے لہٰذا وہ غیر معمولی اقدامات کریں گے۔ یہود و ہنود ہمیشہ سے مسلمان مخالف رہے ہیں لہٰذا اب بھی دنیا میں جنگیں جاری رہیں گی لیکن پاکستان کے حوالے سے امریکا کا کردار اچھا رہے گا، اسے پاکستان کی ضرورت ہوگی۔ قدرت پاکستان پر مہربان ہے۔ پاکستان کے زائچے میں زحل کی 19 سالہ مہادشہ کا دور شروع ہو چکا ہے۔ یہ پاکستان کی قسمت، عزت اور تعمیر و ترقی کا مالک ہے لہٰذا اب ملک کے حالات بہتر ہوں گے۔

آج کل مریخ ہنوز میں ہے اور مریخ کی راہو پر خراب نظر بنی ہوئی ہے۔ گزشتہ دنوں جو خون خرابہ ہوا، اس کی وجہ یہی ہے۔ پاکستان میں اب نظام کی تبدیلی کے دور کا آغاز ہوچکا ہے۔ پرانے چہرے آہستہ آہستہ منظر سے ہٹتے جائیں گے اور نئے چہرے سامنے آئیں گی، انہیں قدرت سامنے لے کر آئے گی۔ 2025ء کا نمبر 9 ہے، یہ اعداد میں سب سے بڑا نمبر ہے، یہ منتہا ہے۔

اب پاکستان کی بہتری کے نئے سفرکا آغازہوگا۔ میاں شہباز شریف جب منتخب ہوئے اس وقت قمر اور عقرب چل رہا تھا، میں نے پشین گوئی کی تھی کہ وقت خراب ہے، انہیں پذیرائی نہیں ملے گی۔ جب انہوں نے حلف لیا وہ وقت بھی خراب تھا، میں نے کہا تھا کہ حکومت زیادہ دیر چلتی دکھائی نہیں دیتی۔

2025ء میں موجودہ وزیراعظم کو خرابی کا سامنا کرنا پڑے گا، نیا سیٹ اپ آسکتا ہے۔29 مارچ کو آسمانی کونسل میں ستاروں کا گرینڈ الائنس بن رہا ہے، 7 ستارے اکٹھے ہو رہے ہیں۔ پاکستان کے نئے زائچے میں گیارہواں گھر پارلیمنٹ ہے اور ستارے اسی گھر میں اکٹھے ہو رہے ہیں اور ساتھ ہی 31 مارچ کو سورج گرہن لگ رہا ہے لہٰذا موجودہ سیٹ اپ اور اسمبلی کیلئے یہ مشکل وقت ہوگا، بڑی اور مثبت تبدیلیاں رونما ہوںگی جن سے ملکی حالات میں بہتری آئے گی۔ نئے چہرے اہل اور قابل ہوں گے۔ جس طرح بنگلہ دیش میں ہوا اسی طرح پاکستان میں ایگزیکٹیو کونسل بن سکتی ہے۔

میاں فاروق احمد

(ماہر علم نجوم)

سال 2025ء پاکستان کیلئے مجموعی طور پر سخت ہوگا۔ سیاسی جماعتوں کے درمیان غلط فہمیوں میں اضافہ ہوگا۔ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے اختلافات زور پکڑیں گے تاہم بلاول بھٹو زرداری کے مستقبل قریب میں وزیراعظم بننے کے کوئی امکانات نہیں ہیں۔ اس سال تحریک انصاف کی پریشانیاں کم ہوں گی۔

بانی تحریک انصاف کو ریلیف ملے گا ، وہ مارچ، اپریل کے بعد رہا ہوتے دکھائی دیتے ہیں جبکہ حکومت اپنی مدت پوری نہیں کر سکے گی۔ غریب اور حکومت، آمنے سامنے دکھائی دیتے ہیں،عوام، پولیس اور اداروں کے درمیان تصادم ہو سکتا ہے۔ 29 مارچ کے سورج گرہن کے بعد جرائم میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ ملک میں سیاست کی بساط لپیٹی جاسکتی ہے، صدارتی نظام نافذ کیا جاسکتا ہے۔ اس سال چاند گرہن میں سیاستدانوںاور اہم شخصیات کے سکینڈلز منظر عام پر آسکتے ہیں۔

عوام کا رجحان سٹاک ایکسچینج اور سٹے بازی کی طرف رہے گا۔ ملک میں وبائی امراض، حادثات اور قدرتی آفات کے خطرات منڈلا رہے ہیں، ٹریفک حادثات میں بھی اضافہ دکھائی دے رہا ہے۔ 2025ء میں نظام قانون مضبوط اور بہتر ہوگا۔ جون کے بعد سے عام آدمی کو انصاف ملنا شروع ہوجائے گا جس سے یقینا لوگوں کی زندگیوں میں بہتری آئے گی۔ یہ سال نوجوانوں کیلئے بھی بہتر ہوگا۔ حکومت ان کی تعلیم و تربیت پر توجہ دے گی، خطیر رقم خرچ کی جائے گی اور بڑے اقدامات کیے جائیں گے۔

کھیل اور کھلاڑیوں کے حوالے سے یہ سال اچھا رہے گا۔ کرکٹ، ہاکی، اسکواش و دیگر کھیلوں میں پاکستان کو کامیابی ملے گی، کھلاڑی عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کریں گے۔ فلم اور ٹی وی پر نئے چہروں کا راج ہوگا، انہیں زیادہ مواقع ملیں گے۔ خارجہ محاذ پر ہمارے لیے آزمائش رہے گی۔پاک بھارت تعلقات مزید کشیدہ ہوں گے البتہ 2026ء میں برف پگھلے گی اور تعلقات بہتری کی جانب بڑھیں گے۔

اس سال مسئلہ کشمیر حل ہوتا ہوا دکھائی نہیں دیتا بلکہ مزید کشیدہ ہونے کے امکانات نظر آرہے ہیں۔ چین، روس اور اسلامی ممالک کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو فروغ ملے گا، تجارت اور لین دین میں اضافہ ہوگا۔ پاک امریکا تعلقات میں اتار چڑھاؤ رہے گا، امریکا کی جناب سے ہم پر مزید پابندیاں لگائی جاسکتی ہیں البتہ سال کے آخر میں تعلقات بہتر ہوں گے۔ فلسطین اور غزہ کے لوگوں کے لیے یہ سال بھی مشکلات سے بھرپور رہے گا، ان کے حالات مزید خراب ہونے کے امکانات ہیں۔اس سال پانچ ستارے اپنا گھر تبدیل کر رہے ہیں جس کے اثرات پاکستان سمیت پوری دنیا پر ہونگے، بڑے پیمانے پر گڑبڑ کا اندیشہ موجود ہے۔

ایم اے شہزادخان ایڈووکیٹ

(انٹرنیشنل آسٹرولوجسٹ اورپامسٹ )

2025 ء کا عدد 9 ہے۔ علم جعفر اور الہامی حوالے سے اچھا عدد ہے۔ اللہ تعالیٰ کے 99نام ہیں ، ان کا عدد 9بنتا ہے۔ ہمارے نبی کریم ﷺ کے حوالے سے اہم ترین 27ویں شب کا عدد بھی 9 بنتا ہے۔

میرے نزدیک 9 اعداد کا فرشتہ ہے۔پاکستان کے حوالے سے سال 2025ء کی بات کریں تو اس سال بلکہ آئندہ ڈھائی برس معاشی صورتحال بہتر نہیں ہوگی، اس سال ٹیکسوں میں اضافہ ہوگا۔ پٹرول کی قیمت بڑھنے کے امکانات موجود ہیں، بجلی کی قیمت میں کمی ہوگی لیکن کوئی بڑا ریلیف نہیں ملے گا۔ اس سال پاکستان کے کسان بڑی فصل خصوصاََ گندم کے حوالے سے خوفزدہ ہوں گے لیکن اس برس اناج زیادہ ہوگا۔ دنیا میں بارشیں اور طوفان آئیں گے، پاکستان بھی ان سے متاثر ہوسکتا ہے۔

2025ء میں گریٹ اسرائیل بنانے کی کوشش مزید زور پکڑے گی، فلسطینیوں کی نسل کشی تیز ہوگی۔ ایران پر حملے کی باتیں ضرور ہوں گی لیکن یہ مشکل دکھائی دیتا ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ، جوبائیڈن کے برعکس، نیتن یاہو کا مکمل ساتھ نہیں دیں گے، نیتن یاہو کی کرسی اور پوزیشن کمزوردکھائی دیتی ہے، اس کا فائدہ مسلم امہ کو ہوگا۔ یوکرین اور روس کے مابین کشیدگی کم ہوگی، یورپ کمزور دکھائی دیتا ہے۔ ولادمیر پیوٹن مضبوط ہیں لیکن روس کی معیشت کمزور ہوگی تاہم وہ مشکلات سے نکل آئیں گے۔ ترکیہ کے رجب طیب اردوگان ایسے ہی اپنا کردار ادا کریں گے، فرنٹ فٹ پر دکھائی نہیں دیتے۔ چین اور پاکستان کی دوستی ٹھیک رہے گی، افغانستان کے ساتھ معاملات کشیدہ رہیں گے۔

بھارت کے ساتھ تعلقات اسی طرح ہی رہیں گے، کشمیر میں ظلم و بربریت کا بازار مزید گرم ہوگا۔ 18 مئی کے بعد مودی حکومت کو ٹف ٹائم ملے گا۔ جب کانگریس برسر اقتدار آئے گی تو بھارت کا سپریم کورٹ کشمیر کی پرانی حیثیت بحال کر دے گا۔ پاکستان اور امریکا کے تعلقات خراب نہیں ہوں گے، ڈالر مستحکم رہے گا۔ ڈونلڈ ٹرمپ اس خطے میں لڑائی پر معیشت کو ترجیح دیں گے۔ پاکستان اور بنگلہ دیش کے تعلقات بہتر ہوں گے، حسینہ واجد کو مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ 15 جنوری کو بانی تحریک انصاف کے دسویں گھر میں سورج آجائے گا لہٰذا جنوری اور فروری میں ان کی پوزیشن مضبوط ہوگی۔

میں گزشتہ برس امریکا گیا تو میں پشین گوئی کی کہ ڈونلڈ ٹرمپ الیکشن جیت جائیں گے اور کملا ہیرس ہار جائیں گی۔ 5 نومبر کو ٹرمپ کے دسویں گھر میں چاند تھا جس کی وجہ سے انہیں فائدہ ملا۔ عمران خان کو سورج اور مشتری، دونوں فائدہ دیتے ہیں۔ امریکی صدر کا مکمل نام ڈونلڈ جے ٹرمپ ہے۔

ڈونلڈ، مشتری کے مالک ہیں اور 4 فروری کو مشتری سیدھی ہو رہی ہے اور مریخ بھی سیدھا ہو رہا ہے لہٰذا ٹرمپ اور مشتری دونوں بانی تحریک انصاف کو فائدہ دیں گے۔ امریکا نے پابندیاں لگائی ہیں لیکن پاکستان ڈرنے والا نہیں اور نہ ہی یہاں خوف کی فضاء ہے۔ ہماری فوج دنیا کی بہترین افواج میں ساتویں نمبر پر ہے، دو برس بعد یہ چھٹے نمبر پر آجائے گی اور بھارت ہم سے پیچھے رہ جائے گا۔ بانی تحریک انصاف اور حکومت آپس میں لڑ رہے ہیں اور کوئی بھی پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں ہے۔ ابھی دہشت گردی کی عدالت کے فیصلے آنے ہیں جن میں ڈاکٹر یاسمین راشد و دیگر کے کیسز ہیں۔

جنوری میں مزید سزائیں ہوسکتی ہیں۔ 26 نومبر کے معاملات میں حکومت حل نکالنے کی کوشش کرے گی۔ بانی تحریک انصاف ’این آر او‘ نہیں لیں گے۔ اگر لیا تو ان کی سیاست ختم ہو جائے گی، ان کی رہائی عدالت کے ذریعے ہی ہوگی۔ 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی تحریک انصاف کو 14برس اور بشریٰ بی بی کو 10 برس سزا ہوسکتی ہے جس کے بعد یہ عدالت جائیں گے اور وہاں سے کیس کلیئر ہوگا۔ حالات جو بھی مذاکرات ہوں گے، رکیں گے نہیں۔ اس میں بیرونی قوت طاقت کے طور پر کردار ادا کرے گی جو مذاکرات کامیاب کروائے گی۔ جنوری اور فروری میں مذاکرات تیزی سے آگے بڑھیں گے لیکن اگر بات مارچ تک گئی تو ڈیڑھ دو ماہ مزید تاخیر ہوگی۔

اگر جنوری، فروری میں مذاکرات کامیاب ہوگئے تو بانی تحریک انصاف مارچ، اپریل میں رہا ہو سکتے ہیں۔راہو اور کیتو کے ٹرانزٹ کی وجہ سے18مئی کے بعد وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی مشکلات میں اضافہ ہوگا جبکہ بانی تحریک انصاف کی پوزیشن مضبوط دکھائی دیتی ہے۔

2025ء میں پاکستان میں بڑے چہرے تبدیل ہوں گے۔ پیپلز پارٹی کا کردار بڑھتا ہوا دکھائی دیتا ہے۔ اس سال بلاول بھٹو زرداری کی شادی کے امکانات موجود ہیں،اگر اس سال نہ ہوئی تو آئندہ چار برس شادی نہیں ہوگی۔ کرکٹر بابر اعظم کی شادی بھی متوقع ہے۔ بابر اعظم ، محمد رضوان ، صائم ایوب، شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ کی کرکٹ میں پرفارمنس بہتر رہے گی۔ چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کی پسندیدگی 60 فیصد جبکہ بھارت کی40 فیصد ہوگی۔ اگر خواجہ نافع کو ٹیم میں شامل کر لیا جائے تو پاکستان کے فائنل میچ میں جانے کے امکانات بڑھ جائیں گے ۔ 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں