لاہور:
بارات میں گم ہونے والے 35 لاکھ روپے کے زیورات اور دوسرا سامان باراتیوں کو واپس مل گیا۔
ترجمان کے مطابق ریلویز پولیس لاہور نے ایمانداری اور فرض شناسی کی ایک اور اعلیٰ مثال قائم کرتے ہوئے لاہور سے کراچی جانے والی بارات کے 35 لاکھ مالیت کے زیوارت اور کپڑوں سے بھرے گمشدہ بیگز لوٹا دیے۔
ایک روز قبل ہی اسماعیل نامی شخص کی بہن رخصت ہوکر بارات کے ساتھ گرین لائن ٹرین میں لاہور سے کراچی جانے کے لیے لاہور اسٹیشن آئی، جہاں ریلوے اسٹیشن پر سامان گم ہوگیا۔
اس موقع پر ڈیوٹی پر موجود ہیڈ کانسٹیبل محمد صفدر نے 2 عدد بیگز کو پلیٹ فارم نمبر 2 سے ڈھونڈ نکالا، جس میں دلہن کا 12 تولہ سونا اور قیمتی کپڑے موجود تھے، جن کی مالیت تقریباً 35 لاکھ روپے تھی۔
سامان کو ایس ایچ او لاہور رمضان حیدر کی موجودگی میں شناخت کے بعد مالکان کے حوالے کردیا گیا۔ ریلویز پولیس کی ایمانداری اور بھرپور تعاون پر شہری نے ان کا شکریہ ادا کیا۔