راولپنڈی:
اڈیالہ جیل راولپنڈی میں ملاقات کے دن پاکستان تحریک انصاف کے بانی سے ملاقات کے لیے پی ٹی آئی مذاکراتی کمیٹی کا کوئی بھی جیل نہیں پہنچا جب کہ سابق وزیرا عظم عمران خان کمیٹی کی آمد کے حوالے سے جیل انتظامیہ سے بار بار پوچھتے رہے۔
مذاکراتی کمیٹی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرنے کیوں اڈیالہ جیل نہیں آئی اس حوالے سے اب عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری کا بیان سامنے آگیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی جانب سے مذاکراتی کمیٹی سے ملاقات کی درخواست پر حکام کی طرف سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا، حکومتی کمیٹی کے ارکان کی بار بار کی یقین دہانیوں کے باوجود مذاکراتی کمیٹی کی میٹنگ نہیں کروائی جا رہی۔
فیصل چوہدری نے کہا کہ اس بات سے حکومت کے اختیارات کا اندازہ ہوتا ہے، حکومتی رویہ غیر سنجیدگی کا عکاس ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت میں شامل کچھ شر پسند عناصر مذاکرات کو سبو تاژ کر کے ملک میں جمہوریت آئین و قانون کی بحالی اور قانون کی حکمرانی کا راستہ روکنے کی کوششوں میں ہیں۔
یاد رہے کچھ دیر قبل یہ بات سامنے آئی تھی کہ پی ٹی آئی مذاکراتی کمیٹی کا کوئی بھی رکن عمران خان سے ملاقات کے لیے جیل نہیں پہنچا جب کہ سابق وزیرا عظم عمران خان کمیٹی کی آمد کے حوالے سے جیل انتظامیہ سے بار بار پوچھتے رہے۔
ایکسپریس نیوز کی رپورٹ کے مطابق آج بانی پی ٹی آئی سے اڈیالہ جیل میں ملاقاتوں کا دن ہے، عمران خان کی بہنیں علیمہ خان، عظمیٰ خان ملاقات کے لے اڈیالہ جیل پہنچں۔
اس کے علاوہ بانی پی ٹی آئی کے کزن قاسم زمان بھی ملاقات کے لئے اڈیالہ جیل پہنچے، اور سابق وزیراعظم سے ملاقات کی۔
پی ٹی آئی مذاکراتی کمیٹی کا کوئی بھی رکن اڈیالہ جیل نہیں پہنچا، ملاقات کے دن مذاکراتی کمیٹی سے بانی پی ٹی آئی کی ملاقات کی اطلاعات کی وجہ سے وکلا بھی ملاقات کے لیے نہیں آئے۔
گزشتہ روز پی ٹی آئی وکلاء نے مزکراتی کمیٹی کی ملاقات کی درخواست دی تھی، جیل ذرائع نے دعویٰ کیا کہ بانی پی ٹی آئی مزاکراتی کمیٹی کی آمد کے حوالے سے جیل انتظامیہ سے بار بار پوچھ رہے ہیں۔