پیپلزپارٹی کی مخالفت کی دھمکی کام کرگئی، اسحاق ڈار کی تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی

نائب وزیراعظم کی ایوان صدر میں آصف زرداری اور بلاول بھٹو سے ملاقات، پی پی کا تعاون جاری رکھنے کا اعلان


ویب ڈیسک January 07, 2025

پاکستان پیپلزپارٹی نے وفاق اور پنجاب میں حکومت کی مخالفت کے فیصلے پر یوٹرن لیتے ہوئے اپنا تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرادی۔

ایکسپریس نیوز کو ذرائع سے ملنے والی اطلاع کے مطابق ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے درمیان اعلی سطح پر رابطہ ہوا اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی پیپلزپارٹی کی قیادت سے ملاقات ہوئی۔

ذرائع کے مطابق نائب وزیراعظم کی پی پی قیادت سے ملاقات ایوان صدر میں ہوئی، جس میں آصف زرداری، بلاول بھٹو شریک تھے جبکہ ن لیگ کے رہنما اور وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ بھی موجود تھے۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے مابین جاری مذاکرات پرغور کیا گیا جبکہ پیپلزپارٹی کے مطالبات، تحفظات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پی پی ذرائع کے مطابق ملاقات میں پنجاب پاور شیئرنگ فارمولہ کے نکات پر غور ہوا جبکہ اسحاق ڈار نے پی پی قیادت کو تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ پنجاب پاور شیئرنگ فارمولہ مذاکرات کی کامیابی میں رکاوٹ ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ ہم ہر معاملے پرساتھ چلنے کیلئے تیار ہیں اس لیے جو کمی کوتاہی رہ گئی اس پر بھی بات کرنے کو تیار ہیں۔ نائب وزیر اعظم کی یقین دہانی پر بلاول بھٹو نے حکومت کے ساتھ تعاون جاری رکھنے اور مکمل سپورٹ کرنے کا عندیہ دیا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں