اسلام آباد:
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ کرائے جانے پر میرے کردار ادا نہ کرنے پر بے جا تنقید کی جا رہی ہے، میرا کام حکومت اور اپوزیشن کے درمیان سہولت کاری کا ہے۔
تحریک انصاف کے رہنماؤں کے الزامات پر ردعمل دیتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے مذاکرات کے حوالے سے ان ( ایاز صادق) کے کردار پر سوالات اٹھانے پر افسوس کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ بانی ( پی ٹی آئی) سے ملاقات نہ کروانے پر میرے کردار ادا نہ کرنے پر بے جا تنقید کی جا رہی ہے، واضح کر دیتا ہوں کہ میرا کام حکومت اور اپوزیشن کے درمیان سہولت کاری کا ہے، بانی سے ملاقات کروانا میرا مینڈیٹ ہے نہ ہی ذمہ داری۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ایسے بیانات دینا کہ اسپیکر آفس سے رابطے پر مثبت جواب نہیں آیا، افسوسناک ہے، میرے دروازے سب کے لیے ہر وقت کھلے ہیں، میں نے کبھی کسی رکن قومی اسمبلی سے ملاقات سے انکار نہیں کیا، سب ریکارڈ پر ہے۔
انہوں نے کہا کہ میرے عہدے پر تنقید کرنے والے چاہتے ہیں کہ میں مذاکراتی عمل سے نکل جاؤں تو وہ اس تجویز پر غور کے لیے تیار ہیں، بطور اسپیکر پارلیمنٹ کی بالا دستی اور جمہوری روایات کی پاسداری کرتے ہوئے سہولت کار کا کردار نبھانے کی پوری کوشش کی ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ میرے بیرون ملک ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ میں میٹنگ کا انتظام نہیں کر سکتا، جب حکومت اور اپوزیشن کہے گی تو فوری میٹنگ کا اہتمام کر دوں گا۔