واشنگٹن اور اس کے حواریوں کے خلاف جدوجہد کو دین کا تقاضا سمجھتے ہیں، حافظ نعیم

حکومت نے چند مگرمچھوں کو بجلی نہ بنانے پر بھی دوہزار ارب دے دیے، قوم کو بنیادی ضروریات پر سبسڈی نہیں دی، امیر جماعت


ویب ڈیسک January 08, 2025

لاہور:

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ امریکا دنیا کاسب سے بڑا طاغوت ہے، ہم واشنگٹن اور اس کے حواریوں کے خلاف جدوجہد کو دین کا تقاضا سمجھتے ہیں۔

اپنے بیان میں سربراہ جماعت اسلامی نےامریکا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ  امریکا دنیا کاسب سے بڑا طاغوت ہے، جو امریکا کے ساتھ چلے گا وہ اسلام اور پاکستان کے خلاف چلے گا، ملک میں حکومت اور اپوزیشن امریکا کی طرف دیکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکا انسانیت اور جمہوریت کا دشمن ہے، وہ فلسطینیوں کی نسل کشی میں ملوث اسرائیل کی مکمل پشت پناہی کررہا ہے، ہم واشنگٹن اور اس کے حواریوں کے خلاف جدوجہد کو دین کا تقاضا سمجھتے ہیں۔ 

حافظ نعیم نے کہا کہ ٹرمپ عہدہ صدارت سنبھالنے سے قبل ہی حماس کو تیسری وارننگ جاری کردی ہے، حماس کو فلسطینی عوام کی حمایت حاصل ہے، مگر جمہوریت کے دعوے دار مغرب و امریکہ کو یہ جمہوریت قبول نہیں۔ 

حکومت پر ہدف تنقید بناتے ہوئے امیر جماعت نے کہا کہ حکومت نے چند مگرمچھوں کو بجلی نہ بنانے پر بھی دوہزار ارب دے دیے، جبکہ قوم کو بنیادی ضروریات پر سبسڈی نہیں دی جاتی۔

انہوں نے کہا کہ آئی پی پیز معاہدے ختم کرنے سے خزانہ کو فائدہ ہوا، مگر بجلی کے بلوں پر عوام کو فائدہ کیوں نہیں ہورہا، حکومت کو ہر صورت میں عوام کو ریلیف دینا ہو گا۔ 

حافظ نعیم نے کہا کہ مہنگائی کم ہونے کے حکومتی دعوؤں کا زمینی حقائق سے کوئی تعلق نہیں، حقیقت میں مہنگائی نے عام آدمی کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ 

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ فروری کے آخر تک پوری عوامی طاقت سے جدوجہد کا آغاز کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں