اڑیال ہٹنگ ٹرافی: امریکی شہری نے 60لاکھ روپے کے عوض شکار کرلیا

پنجاب وائلڈ لائف نے 16  پرمٹ 3 لاکھ 28 ہزار امریکی ڈالر میں نیلام کیے، یہ روپوں میں 9 کروڑ  15 لاکھ روپے بنتے ہیں


آصف محمود January 08, 2025

لاہور:

پنجاب میں دو سال کے وقفے کے بعد پنجاب اڑیال کی ٹرافی ہنٹنگ شروع ہوگئی، امریکی شکاری نے چکوال کے علاقہ میں پہلی ٹرافی کا شکار کرلیا جس کے لیے 60 لاکھ روپے ادا کیے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزارت موسمیاتی تبدیلی کی طرف سے پنجاب وائلڈ لائف کے اڑیال جو کہ پنجاب کا قومی جانور ہے اس کی ٹرافی ہنٹنگ کے 16 پرمٹ جاری کیے گئے تھے۔

 پنجاب وائلڈ لائف نے 16  پرمٹ 3 لاکھ 28 ہزار امریکی ڈالر میں نیلام کیے ہیں  جو پاکستانی کرنسی میں 9 کروڑ  15 لاکھ روپے کے قریب بنتے ہیں۔ ایک پرمٹ کی نیلامی کی رقم  20 ہزار 500 امریکی ڈالر  تھی جبکہ 500 امریکی ڈالر الگ سے فیس ہے اس طرح 21 ہزار ڈالر کی رقم پاکستانی روپوں میں 58 لاکھ 57 ہزار روپے بنتی ہے۔

وائلڈ لائف حکام کے مطابق ٹرافی ہنٹنگ کے زیادہ تر پرمٹ آؤٹ فٹر خریدتے ہیں جو پھر آگے شکاریوں کو فروخت کرتے ہیں۔

پنجاب وائلڈ لائف حکام کی کوششوں سے سالٹ رینج میں پنجاب اڑیال کی آبادی میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے غیرملکی شکاریوں کو پہلی ٹرافی ہنٹ کرنے میں کامیابی ملی ہے۔

شکارکی گئی ٹرافی کے سینگوں کا سائز 30 انچ تک ہے جو کہ ایک صحت مند اوربڑے سائز کے جانور کی علامت ہے۔ حکام کے مطابق ٹرافی ہنٹنگ کرنے والے شکاری کو ایک ہفتے کا وقت دیا جاتا ہے۔

پنجاب میں گزشتہ دو سال سے ٹرافی ہنٹنگ کا عمل کمیونٹی بیسیڈ کنزروینسیز(سی بی سیز) کی رجسٹریشن کی وجہ سے تاخیر کا شکار تھا تاہم ڈائریکٹرجنرل پنجاب وائلڈلائف مدثر ریاض ملک کی کوششوں سے ناصرف سی بی سیز کی رجسٹریشن کا عمل مکمل کیا گیا ہے بلکہ پنجاب اڑیال کی ٹرافی ہنٹنگ کا عمل بھی شروع ہوگیا ہے جو ایک بہت بڑی اچیومنٹ ہے۔

پنجاب وائلڈ لائف کے ترجمان کے مطابق ٹرافی ہنٹنگ سے حاصل ہوئی رقم کا 80 فیصد مقامی سی بی سیز کو دیا جائے گا۔ سی بی سیز یہ رقم اپنے ایریا میں جنگلی حیات کے تحفظ، کنزرویشن اور جنگلی حیات کی آبادی بڑھانے پر خرچ کریں گی۔

گلگت بلتستان میں ٹرافی ہنٹنگ کی وجہ سے ہرسال کروڑوں روپے کا ریونیو حاصل کیا جاتا ہے جو مقامی کمیونٹی کی فلاح و بہبود اور جنگلی حیات کے تحفظ پر خرچ ہوتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں