شاہ رخ خان کا ایک پرانا انٹرویو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے، جس میں انہوں نے گوری سے شادی کے وقت پیش آئے ایک دلچسپ واقعے کا ذکر کیا۔
فریدہ جلال کے ایک پرانے شو میں شاہ رخ نے بتایا کہ گوری کے خاندان کو ان کی مسلم شناخت کے بارے میں خدشات تھے۔ انہوں نے کہا، ’مجھے یاد ہے، گوری کا پورا خاندان بیٹھا ہوا تھا، اور میں سوا ایک بجے کے قریب وہاں پہنچا۔ وہ سب باتیں کر رہے تھے کہ یہ لڑکا مسلم ہے۔ کیا یہ گوری کا نام بدل دے گا؟ کیا یہ اسے مسلمان بنا دے گا؟‘
اسی انٹرویو میں شاہ رخ نے انکشاف کیا کہ انہوں نے شادی کے بعد سسرال میں اپنے پہلے دن مذاق میں گوری سے کہا کہ وہ برقعہ پہن لیں اور اپنا نام عائشہ رکھ لیں۔
شاہ رخ کے مطابق ’وہ سب پنجابی میں بات کر رہے تھے۔ میں نے وقت دیکھتے ہوئے مذاق میں کہا، ٹھیک ہے گوری، اپنا برقعہ پہن لو اور نماز پڑھنے چلتے ہیں۔‘
انہوں نے بتایا کہ میرے اس مزاق پر گوری کے خاندان والے حیرت سے ہمیں دیکھنے لگے، یہ سوچتے ہوئے کہ شاید میں نے پہلے ہی اس کا مذہب تبدیل کر دیا ہے۔ پھر میں نے کہا، ’آج سے یہ ہمیشہ برقعہ پہنے گی، گھر سے باہر نہیں جائے گی، اس کا نام عائشہ ہوگا اور یہ ایسی ہی رہے گی۔‘
تاہم بعد میں شاہ رخ نے اعتراف کیا کہ ان کا اس طرح اہلیہ کے خاندان والوں کے ساتھ مذاق کرنا، خاص طور پر مذہب جیسے حساس موضوع پر، جذبات کے ساتھ کھیلنے کے مترادف تھا اور یہ عمل مناسب نہیں تھا۔