اڈیالہ جیل فتنہ نے فائنل کال دی وہ مس کال ثابت ہوئی، عظمیٰ بخاری

علی امین گنڈاپور اور ان کی کابینہ کرپشن میں ملوث ہے، وزیر اطلاعات پنجاب


ویب ڈیسک January 11, 2025

پنجاب کی وزیراطلاعات عظمی بخاری کا کہنا ہے کہ اڈیالہ جیل فتنہ نے فائنل کال دی تو وہ مس کال ثابت ہوئی۔

شاہدرہ میں پریس کانفرنس سے خطاب میں وزیراطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا کہ سول نافرمانی کی تحریک سے پاکستان کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی۔ سول نافرمانی کر کے آئی ایم ایف کو خطوط لکھے گئے۔ اڈیالہ جیل فتنہ نے فائنل کال دی تو وہ مس کال ثابت ہوئی۔ ترسیلات زر نہ بھیجنے کی کال کے باوجود اضافہ ہوا اور بیرون ملک سے 3 ارب 10 کروڑ ڈالر کی ترسیلات زر آئی۔

عظمی بخاری نے کہا کہ ایک شخص کی سازش ہے کہ اداروں اور ملک کو نقصان پہنچانا ہے۔ ادھر تو پھونکوں تعویزوں اور گنڈوں کی حکومت تھی۔ جلاؤ گھیراؤ کے باوجود پاکستان آگے بڑھ رہا ہے۔کہتا رہا این آر او نہیں دو اب گھٹنوں پر این آر او مانگ رہا ہے۔ اب وہ کہتا ہے کہ مجھ سے جیل میں نہ ملو بلکہ مجھے کسی طرح این آر او کرکے باہر نکالو۔قوم کے بچے غلیلیں بنائیں اور اسلحہ لہرائیں لیکن ان کے اپنے بچے لندن میں عیاشیاں کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈا پور اور ان کی کابینہ کرپشن میں ملوث ہے۔ خیبرپختونخوا میں نئی بھرتی وزیرتعلیم میٹرک فیل تھے۔ کے پی میں مساجد کے نام پر 26 نومبر سے پہلے 2 ارب روپے بٹورے گئے۔ 12 سال سے نالائق شخص کی حکومت کی وجہ سے تکالیف میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ان لوگوں کو صرف یہ فکر ہے کہ خان کو اڈیالہ جیل میں بھنا مرغی کا گوشت مل رہا ہے یا نہیں۔  

صوبائی وزیراطلاعات نے مزید کہا کہ اسکالر شپ پروگرام سے 30 ہزار بچوں کو تعلیم ملے گی اس پر بھی فتنہ پارٹی کی جانب سے شرانگیزی کی گئی۔ لائیو اسٹاک کارڈ پاکپتن میں مریم نواز نے شروع کیا جس سے لوگ اپنے لئے مویشی خریدیں گے اور روزگار کمائیں گے۔ بہت سارے دوست ممالک ہیں مویشی خریدنا چاہتے ہیں۔ فیٹنگ پروگرام 11 ارب روپے سے ہوگا اور 80 ہزار لوگ مستفید ہوں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں