چیمپئنز ٹرافی میں ہائبرڈ ماڈل تسلیم کرنے پر محمد حفیظ کی پی سی بی پر شدید تنقید

پی سی بی نے پہلے بھارت کے آکر نہ کھیلنے کی مخالفت کی اور پھر ہائبرڈ ماڈل کو قبول کرلیا، سابق کپتان


زبیر نذیر خان January 11, 2025

کراچی:

سابق ٹیسٹ کپتان محمد حفیظ نے چیمپئنز ٹرافی میں ہائبرڈ ماڈل قبول کرنے پر پی سی بی کو سخت تنقید  کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ بدقسمتی سے پی سی بی نے پہلے بھارتی کرکٹ ٹیم کے پاکستان آکر چئمپئینز ٹرافی میں شرکت نہ کرنے کے موقف کی مخالفت اور پھر بھارت کے میچز  نیو ٹرل مقام پر کرانے کے فیصلے کو قبول کرلیا۔

نیشنل اسٹیڈیم کے ایچ پی سی اوول گراونڈ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق آل راؤنڈر نے کہا کہ  ابتدا میں  اپنائے جانے والے  اصولی موقف پر پی سی بی  قائم نہیں رہا، 19 فروری سے شروع ہونے والی چیمپئینز ٹرافی کے لیے بھارتی کرکٹ ٹیم کا پاکستان نہ آںا ایک کمی کی نشاندہی کرتا ہے جبکہ 1996 کے عالمی کپ کے بعد ایک طویل مدت تک پاکستان میں آئی سی سی کا ایونٹ نہ ہونا کئی سوال کھڑے کرتا ہے لیکن اب چیمپئینز ٹرافی کا منعقد ہونا خوش آئند ہے اور پاکستان کو اس کا مثبت پیغام دینا چاہیے۔

محمد حفیظ نے کہا کہ  نوجوان بیٹر صائم ایوب پاکستان کر کٹ کا اثاثہ  ہیں،انجریز کھیل کا حصہ  ہوتی ہیں، تاہم صائم ایوب کے معاملہ کی درست انداز میں دیکھ بھال کی جائے، قوی امید ہے کہ کہ صائم ایوب جلد فٹ ہوجائیں گے اور چیمپئینز ٹرافی کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ اگلے دس سے پندرہ  برس تک صائم ایوب کی پاکستان کرکٹ کو خدمات میسر آ سکتی ہیں، محمد حفیظ نے سینیئر بیٹر فخر زمان کی پاکستان کرکٹ ٹیم میں واپسی کے لیے امیدں لگالیں اور کہاکہ آئی سی سی کے میگا ایونٹ  کے لیے اگر  قومی ٹیم میں فخر زماں کی واپسی ہوئی تو یہ پاکستان کے لیے اچھا شگون ہوگا۔

 پریزیڈنٹ کپ میں دفاعی چیمپئین ایس این جی پی ایل کے کوچ کی زمہ داری ادا کرنے والے محمد حفیظ نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ کی بہت اہمیت ہے، فرسٹ کلاس کرکٹ سے پلیئرز نکال کر اسٹرائیکر کیمپ میں بھیجا جارہا ہے،اس کیمپ کا حصہ بننے والے کرکٹرز کو پی ایس ایل میں بھی  جگہ نہیں ملنی چاہیے جبکہ ایسا کیمپ سیزن میں نہیں ہونا چاہیے۔

 محمد حفیظ نے  جاری فرسٹ کلاس ایونٹ پریزیڈینٹ کپ میں سہولیات میسر نہ آنے پرافسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایچ پی سی اوول گراؤنڈ ،نیشنل اسٹیڈیم پر ٹیموں کے لیے سہولیات کا فقدان رہا، پینے کا مناسب  پانی نہ ملا، کھلاڑیوں کے لیے ڈریسنگ روم نہیں تھا جبکہ واش روم کی بنیادی سہولت  غیر معیاری تھی، پی سی بی کی تمامتر توجہ  چیمپیئنز کپ کو ایک کامیاب ایونٹ بنانے پر توجہ مرکوز تھی، وہ اپنی ترجیحات پر توجہ دے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں