اینٹی نارکوٹکس فورس ( اے این ایف) کا ملک کے مختلف شہروں میں منشیات کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔
اے این ایف کے مطابق مختلف کارروائیوں میں 11 ملزمان کو گرفتار کرکیا گیا اور 48 لاکھ روپے مالیت سے زائد کی 43.3 کلوگرام منشیات برآمد کی گئیں۔
سیالکوٹ میں وزیر آباد روڈ سمبڑیال کے قریب دو کاروائیوں میں 6 ملزمان کے قبضے سے مجموعی طور پر 33.6 کلو گرام چرس برآمد کی گئی۔ اسلام آباد جی نائن میں گاڑی میں چھپائی گئی 3.6 کلو گرام چرس برآمد کرکے ملزم گرفتارکرلیا گیا۔ آئی جے پی روڈ اسلام آباد کے قریب ملزم سے 500 گرام چرس برآمد ہوئی۔
کچلاک کوئٹہ میں پیٹرول پمپ کے قریب ملزم سے 5 کلو آئس جبکہ مندرہ روڈ چکوال کے قریب 2 موٹر سائیکل سواروں کے قبضے سے 600 گرام چرس برآمد ہوئی۔ گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔