کراچی:
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سندھ میں بچوں کی شرح اموات پورے پاکستان میں سب سے کم ہے مگر تھر میں بچوں کی ہلاکتوں کو زیادہ اچھالا جاتا ہے۔
سول اسپتال کراچی میں منعقدہ تقریب سے خطاب میں انہوں ںے کہا کہ پیپلز پارٹی عوام کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے، سندھ حکومت بچوں کی صحت سے متعلق انقلابی اقدامات کررہی ہے ہماری شعبہ صحت میں لائی گئی تبدیلیوں کو عالمی سطح پر سراہا گیا، سندھ میں بچوں کی اموات کی شرح 1.2 فیصد جب کہ دیگر صوبوں میں 1.4 فیصد ہے مگر تھر میں بچوں کی ہلاکتوں کو زیادہ اچھالا جاتا ہے، سندھ میں ضلعی سطح پر چائلڈ لائف ایمرجنسی سینٹرز کھولے گئے جس کے باعث سندھ میں بچوں کی شرح اموات میں واضح کمی آئی اور اب ہمارا خواب ہے کہ ہر ضلع میں چائلڈ لائف ایمرجنسی سہولت شروع کریں۔
بلاول نے کہا کہ فخر سے کہتا ہوں کہ پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ میں سندھ نے وفاق کو پیچھے چھوڑ دیا، پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ بے نظیر نے متعارف کرائی تھی، آج میں نے سول اسپتال کے کنٹرول روم کا معائنہ کیا، سندھ حکومت نے پندرہ سال پہلے بہت سے اقدامات کیے، یونیورسٹی آف کیلی فورنیا نے کراچی اور لاڑکانہ کے سول اسپتال کے معیار کو تسلیم کیا اور اسی یونیورسٹی میں سندھ میں بچوں کی اموات میں کمی کا تسلیم کیا۔