میٹھی، ذائقہ اور خوشبو دار، سستی اور انتہائی لت آور۔ جی ہاں! ہم بات کر رہے ہیں میٹھی سپاری کی جو حقیقت میں ایک میٹھا زہر ہے۔
یہ پرکشش نظر آنے والے پیکٹس میں آسانی سے دستیاب ہے۔ خوشبو کے ساتھ میٹھی سپاری بہت سارے بچوں اور بڑوں کے لیے پسندیدہ ماؤتھ فریشنر ہیں۔ لیکن اکثر یہ نہیں جانتے کہ یہ بے ضرر نظر آنے والے ساشے بہت زیادہ نقصان دہ ہیں اور مُنہ اور عمومی صحت کو تباہ کر سکتے ہیں۔
سُپاری میں استعمال ہونے والی چھالیہ عام طور پر انتہائی خراب معیار کی ہوتی ہے، بعض اوقات فنگس اور خوردبینی کیڑوں سے آلودہ ہوتی ہے اور انسانی استعمال کے لیے نا مناسب ہوتی ہے۔
لالچی مینوفیکچررز اس سپاری کو پرکشش اور لذیذ بنانے کے لیے مٹھاس اور کھانے کے رنگ شامل کرتے ہیں، اس حقیقت کو بالکل نظر انداز کرتے ہوئے کہ اس سے صارفین کے لیے اضافی صحت کے خطرات پیدا ہورہے ہیں جس سے وہ موت کے مُنہ میں بھی جاسکتے ہیں۔
ڈاکٹر صدف احمد نے بتایا کہ میٹھی سپاری میں آرکولین نامی کیمیائی مادہ ہوتا ہے جو مسوڑھوں کی سوزش کا باعث بنتا ہے۔ ابتدا میں، منہ میں السر بنتے ہیں اور ایک بیماری کی طرف بڑھتے ہیں جسے اورل سب میوکوس فبروسس' کہتے ہیں جس میں منہ مکمل طور پر نہیں کھُل پاتا۔اس کے نتیجے میں غذائیت کی کمی ہوتی کیونکہ جبڑے کی نقل و حرکت کی خرابی خاص طور پر بچوں میں خوراک کی مقدار کو متاثر کرتی ہے جس سے وہ جسمانی طور پر کمزور اور انفیکشن کا زیادہ شکار ہوتے ہیں۔
بڑوں میں یہ کینسر کا سبب بن سکتا ہے اور اگر بروقت علاج نہ کرایا جائے تو موت یقینی ہوجاتی ہے۔
علاوہ ازیں مسالحے دار کھانوں کے لیے دانت اور زبان مزید حساس ہو جاتے ہیں اور زبان اور مسوڑھوں میں اکثر جلن کا احساس ہوتا ہے۔