بیرون ممالک ملازمتوں پر جانے والے افراد کو آف لوڈ کرنیکی شکایات بڑھ گئیں

مسافروں کے پاس پروٹیکٹر کی اسٹیمپ اور ورک ویزا سمیت دیگر قانونی دستاویزات موجود ہوتی ہیں، عدنان پراچہ


احتشام مفتی January 14, 2025
(فوٹو : فائل)

کراچی:

پاکستان سے ورک پرمٹ پروٹیکٹر اسٹیمپ اور ویزوں کے حامل بیرون ممالک ملازمتوں پر جانے والے افراد کو بلاجواز آف لوڈنگ کی شکایات بڑھ گئی ہیں۔

پاکستان اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین عدنان پراچہ نے بتایا کہ گزشتہ دو ہفتوں سے بیرون ملک ملازمتوں پر جانے والے نوجوانوں کی پریشانیاں بڑھ گئی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز کانٹریک کے ذریعے نوجوانوں کو ورک ویزے پر بھیجتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ بیرون ممالک میں مقیم پاکستانی ورکرز سالانہ 33 سے 34ارب ڈالر کا قیمتی زرمبادلہ بھیج رہے ہیں۔

عدنان پراچہ نے بتایا کہ بیرون ملک ملازمتوں پر جانے والوں کے پاس پروٹیکٹر کی اسٹیمپ اور ورک ویزا سمیت دیگر قانونی دستاویزات بھی موجود ہوتی ہیں لیکن اس کے باوجود ایئر پورٹس کی اتھارٹی کی جانب سے انہیں آف لوڈ کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ روکے جانے والوں کے ٹکٹ نان ریفنڈ ایبل ہوتے ہیں جس سے انہیں بھاری مالی نقصانات ہو رہے ہیں جبکہ بیرون ملک کمپنیوں کی شکایات بھی بڑھ رہی ہیں۔

عدنان پراچہ نے وزیر اعظم اور وفاقی وزیر داخلہ سے معاملہ کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ مطلوبہ قانونی دستاویزات اور ویزوں کے ہمراہ بیرون ملک ملازمتوں پر جانے والوں کی مشکلات کو فوری طور حل کرانے کے احکامات جاری کریں کیونکہ یہ افرادی قوت ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں