ایک بھارتی خاتون نے زیپٹو نامی پلیٹ فارم پر ایک ہی شے کی اینڈرائیڈ اور آئی فون صارفین کے لیے مختلف قیمتوں کا بھانڈا پھوڑ دیا۔
انسٹاگرام صارف پوجا چابڑا نے زیپٹو پر ایک سادہ سا تجربہ کیا جس میں ان کو معلوم ہوا آئی فون صارفین سے اینڈرائیڈ صارفین کے مقابلے میں کسی بھی شے کے لیے زیادہ پیسے بٹورے جاتے ہیں۔
ایک عملی مظاہرے میں پوجا نے دِکھایا کہ اینڈرائیڈ ڈیوائس پر آدھا کلو انگور کی قیمت 65 روپے لکھی آرہی تھی جبکہ آئی فون پر وہ قیمت دُگنی سے زیادہ 146 روپے آرہی تھی۔ اس کے علاوہ اینڈرائیڈ پر شملہ مرچ کی قیمت 37 روپے تھی جبکہ آئی فون قیمت 69 روپے لکھی آ رہی تھی۔
اس بڑے فرق سے حیران ہو کر پوجا نے اپنے فالوورز سے کہا کہ وہ بھی اس فرق کو چیک کریں کہ آیا وہ بھی جب آئی فون استعمال کر رہے تو زیادہ قیمت ادا کر رہے ہیں۔
ایپل اور اینڈرائیڈ صارفین کے درمیان قیمتوں میں فرق کا تعلق عموماً صارفین کے علاقے سے جوڑا جاتا ہے اور ای کامرس پلیٹ فارمز کی جانب سے یہ خیال کیا جاتا ہے کہ آئی فون صارفین کی آمدنی زیادہ ہوتی ہے اور وہ زیادہ ادائیگیاں کر سکتے ہیں۔