آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان ہونے والی بارڈر گواسکر ٹرافی کے دوران بھارتی ڈریسنگ روم سے خبریں لیک ہونے کے متعلق متعدد رپورٹس اور افواہیں گردش کر رہی تھیں۔
لیکن بھارتی خبر رساں ادارے کی تازہ ترین ویڈیو رپورٹ میں کیے جانے والے دعوے نے بھارتی کرکٹ میں ایک نیا ہنگامہ برپا کر دیا ہے۔
ویڈیو میں بتایا گیا کہ بھارت کے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر نے حال ہی میں مکمل ہونے والے دورے میں بیٹر سرفراز خان پر ڈریسنگ روم کی خبریں لیک کرنے کا الزام عائد کر دیا ہے۔
انہوں نے میلبرن ٹیسٹ میں شکست کے بعد ڈریسنگ روم میں ان کے رویے کے متعلق معلومات لیک کرنے کا ذمہ دار سرفراز خان کو ٹھہرایا۔
رپورٹ کے مطابق گوتم گمبھیر نے سرفراز خان پر یہ الزامات ممبئی میں منعقد ہونے والی بورڈ آف کنڑول فار کرکٹ اِن انڈیا کی ریویو میٹنگ میں عائد کیے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ بی سی سی آئی کے عہدے دار بھی سرفراز سے خوش نہیں ہیں اور جب تک گوتم گمبھیر بھارت کے کوچ ہیں سرفراز کا کھیلنا مشکل ہے۔
دوسری جانب گوتم گمبھیر یا سرفراز خان کی جانب سے رپورٹ پر کوئی ردِ عمل نہیں دیا گیا ہے۔
واضح رہے آسٹریلیا ٹور پر سرفراز خان کو ایک میچ بھی نہیں کھلایا گیا تھا۔