کراچی:
قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود کا کہنا ہے کہ موجودہ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ میں یہ ہماری آخری ٹیسٹ سیریز ہے اور ہم اسے جیت پر ختم کرنا چاہیں گے۔
کپتان شان مسعود نے کہا کہ اس فارمیٹ میں ہر میچ بہت اہمیت رکھتا ہے اور ہم سیریز جیت کر مہم کا اختتام کرنے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لانے کے لیے پرعزم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ویسٹ انڈیز ایک اچھی ٹیم ہے جس میں بہت سے باصلاحیت کھلاڑی ہیں۔ وہ کھیل میں ایک منفرد انداز لاتے ہیں اور ہم جانتے ہیں کہ وہ ہمارا سخت مقابلہ کریں گے۔
شان مسعود نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ دراصل چیلنجز میں خود کو ڈھالنے اور ان کا مقابلہ کرنے کا نام ہے اور بطور ٹیم ہمارے راستے میں جو بھی آئے گا اس کا جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔
قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز جیتنے سے ہمیں بہت زیادہ اعتماد اور مومینٹم ملا ہے، ہماری پوری توجہ مضبوط پرفارمنس دینے اور جیتنے والے رویے کو آگے بڑھانے پر ہے۔
مزید پڑھیں؛ پاکستان ویسٹ انڈیز ٹیسٹ کے لیے اسپن ٹریک تیار
ویسٹ انڈیز کپتان
ویسٹ انڈیز کے کپتان کریگ براتھ ویٹ کا کہنا ہے کہ ہم پاکستان آکر بہت پرجوش ہیں، میں اس سے پہلے کبھی پاکستان نہیں آیا تھا اور شاید زیادہ تر کھلاڑی بھی پہلی بار دورہ کر رہے ہیں اور ہم واقعی سیریز میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے منتظر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم اپنے میدان میں ایک مضبوط ٹیم ہے اس لیے ہم ان حالات میں اچھی کارکردگی کے منتظر ہیں۔ ہماری ٹیم کی کارکردگی یہاں کافی اہم ہوگی اور ظاہر ہے کہ بورڈ پر رنز بنانا ضروری ہے لیکن 20 وکٹیں لینا ٹیسٹ میچ جیتنے کے لیے انتہائی اہم ہوگا۔
ویسٹ انڈین کپتان نے کہا کہ ہماری تیاریاں ٹھیک چل رہی ہیں، اسلام آباد میں ہم نے کچھ دن گزارے جہاں ہم نے ایک پریکٹس میچ کھیلا جو ایک گروپ کے طور پر ہمارے لیے کافی اچھا رہا اور ہمارے یہاں ملتان میں سیشن ہوئے جو مددگار بھی تھے۔
مزید پڑھیں؛ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ٹیسٹ سیریز کے لیے میچ آفیشلز کا اعلان
واضح رہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دو میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ کل ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہوگا۔ سیریز کا دوسرا ٹیسٹ بھی ملتان میں 25 جنوری سے کھیلا جائے گا۔
ویسٹ انڈیز کی ٹیم دسمبر 2006 کے بعد پہلی بار ٹیسٹ سیریز کھیلنے پاکستان کا دورہ کر رہی ہے۔ وہ اس وقت آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ ٹیبل میں سب سے نیچے ہے۔
دونوں ملکوں کے درمیان پاکستان میں آخری دفعہ کھیلی جانے والی سیریز میں پی سی بی ہال آف فیمر انضمام الحق کپتان تھے اور یہ سیریز پاکستان نے 0-2 سے جیتی تھی۔
سال 2021 میں پاکستان اور ویسٹ انڈیز آخری دفعہ ریڈ بال فارمیٹ میں آمنے سامنے آئے اور سیریز 1-1 سے برابر رہی۔