پنجاب میں شدید دُھند کا راج، موٹر وے کے مختلف سیکشنز ٹریفک کے لیے بند

قومی شاہراہوں پر بھی ٹھوکر، پتوکی، اوکاڑہ اور ساہیوال تک شدید دھند کی صورت حال ہے


ویب ڈیسک January 17, 2025

لاہور:

پنجاب میں شدید دُھند کے باعث موٹر وے کے مختلف سیکشنز کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

موٹروے پولیس کے ترجمان سید عمران احمد نے بتایا ہے کہ لاہور، ملتان اور دیگر اہم شہروں کے درمیان مختلف موٹرویز پر دھند کی شدت کے باعث ٹریفک کی روانی کو محفوظ بنانے کے لیے موٹرویز بند کر دی گئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق، لاہور سے کوٹ مومن (ایم 2)، لاہور سے ملتان (ایم 3)، پنڈی بھٹیاں سے ملتان (ایم 4)، ملتان سے تر نڈہ محمد پناہ (ایم 5) اور لاہور سیالکوٹ (ایم 11) موٹرویز شدید دھند کے باعث مکمل طور پر بند کر دی گئی ہیں۔

قومی شاہراہوں پر بھی ٹھوکر، پتوکی، اوکاڑہ اور ساہیوال تک شدید دھند کی صورت حال ہے جس کی وجہ سے ڈرائیورز کو مشکلات کا سامنا ہے۔

ترجمان موٹروے پولیس نے کہا کہ ان احتیاطی تدابیر کا مقصد عوام کی حفاظت اور محفوظ سفر کو یقینی بنانا ہے، کیونکہ دھند میں لین کی خلاف ورزی حادثات کا سبب بن سکتی ہے۔ ڈرائیورز سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ دھند میں لین ڈسپلن کو یقینی بنائیں اور زیادہ سے زیادہ دن کے اوقات میں سفر کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک دھند کے موسم میں سفر کرنے کے لیے بہترین اوقات ہیں۔ ڈرائیور حضرات کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ آگے اور پیچھے دھند والی فوگ لائٹس کا استعمال کریں اور تیز رفتاری سے پرہیز کریں، نیز اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں۔

موٹروے پولیس نے عوام سے درخواست کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ضرورت پڑنے پر فوری طور پر ہیلپ لائن 130 سے رابطہ کریں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں