ملتان ٹیسٹ میں دوسرے روز کا کھیل ختم، پاکستان کو 202 رنز کی برتری حاصل

پہلی اننگز میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم ساجد خان اور نعمان کی تباہ کن بالنگ کے باعث 137 پر آل آؤٹ ہوگئی تھی


ویب ڈیسک January 18, 2025

سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں دوسرے روز کے اختتام پر پاکستان کو ویسٹ انڈیز کیخلاف 202 رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔


پاکستان نے اپنی دوسری اننگز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 109 رنز بنالیے ہیں، میچ کے اختتام پر کامران غلام 9 اور سعود شکیل 2 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔ اس سے قبل ویسٹ انڈیز کی ٹیم پہلی اننگز میں 137 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی تھی۔

دوسرا روز

ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے دوسرے روز کھیل کا آغاز 4 وکٹوں کے نقصان پر 143 رنز سے کیا، پانچویں وکٹ کی شراکت میں محمد رضوان اور سعود شکیل نے 141 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی تاہم سعود 84 رنز بناکر وکٹ گنوا بیٹھے جبکہ محمد رضوان 71 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

دیگر کھلاڑیوں میں سلمان آغا 2 اور نعمان علی صفر، ساجد خان 18 اور خرم شہزاد 7 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ یوں پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں محض 230 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے جومل واریکن اور جیڈن سیلز نے 3، 3 جبکہ کیون سنکلیئر نے 2 اور گڈاکیش موتی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

مہمان ٹیم نے گرین شرٹس کیخلاف بیٹنگ کا آغاز کیا تو اسپنر ساجد خان نے تباہ کُن بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ابتدائی 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دیکھائی، بعدازاں نعمان علی نے 5 اور ابرار احمد نے ایک کھلاڑی کا شکار کیا۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے کپتان کریگ براتھویٹ نے سب سے زیادہ 11، میکائل لوئس ایک، کیسی کارٹی صفر، کیویم ہوج اور جسٹن گریوز 4، 4 ٹیون املاچ 6 رنز بناسکے تھے جبکہ لوئر مڈل آرڈر میں گڈاکیش موتی 19، جومل واریکن 31 اور جیڈن سیلز رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم پاکستان کیخلاف محض 137 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی، انہیں پاکستان کیخلاف 93 رنز کا خسارہ ہے۔

قومی ٹیم نے دوسری اننگز کا پراعتماد آغاز کیا تاہم کپتان شان مسعود 52 اور محمد ہریرہ 29 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، بابر اعظم صرف 5 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، دوسرے روز کھیل کے اختتام پر کامران غلام 9 اور سعود شکیل 2 رنز  کے ساتھ بیٹنگ کررہے تھے۔

پہلا روز

سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں پہلے دن کے اختتام پر پاکستان نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 143 رنز بنالیے، پاکستان صبح ساڑھے 9 بجے اننگز دوبارہ شروع کرے گا۔ میچ کی پہلی اننگز میں ڈیبیو کرنیوالے محمد ہریرہ 6، کپتان شان مسعود 11 اور کامران غلام 5، بابراعظم 8 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیڈن سیلز نے 3 جبکہ گڈاکیش موتی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

میچ کا ٹاس (دھند) خراب موسم کے باعث تاخیر کا شکار ہوا تاہم امپائرز نے گراؤنڈ فیلڈ کا جائزہ لینے بعد دوپہر 1 بجے ٹاس کروانے اور ڈیڑھ بجے میچ کے آغاز کا اعلان کیا۔

قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ پہلی اننگز میں بڑا ٹوٹل کھڑا کرکے حریف ٹیم کو پریشانی میں ڈالنا چاہتے ہیں۔

ورلڈ ٹیسٹ چیمپئین شپ کی آخری سیریز میں فتح سمیٹ کر سیزن کا اختتام کرنا پہلا ہدف ہے۔

اس موقع پر ویسٹ انڈیز کے کپتان کریگ براتھویٹ نے کہا کہ ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا ہی فیصلہ کرتے تاہم کوشش ہوگی ابتداء میں میزبان ٹیم کیخلاف جلد وکٹیں لیکر انہیں مشکل میں ڈالیں۔

دوسری جانب قومی ٹیم نے گزشتہ روز ہی پلئینگ الیون کا اعلان کردیا تھا، ٹیم کی قیادت شان مسعود کریں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں بابراعظم،کامران غلام، سعود شکیل، محمد رضوان ، سلمان علی آغا، ساجد خان، نعمان علی، خرم شہزاد اور ابرار احمد اور محمد ہریرہ شامل ہیں۔

نوجوان کرکٹر محمد ہریرہ آج ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم گراؤنڈ پر اپنا ڈیبیو کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں