سیف علی خان پر حملہ، ممبئی پولیس نے مشتبہ شخص کو دھر لیا

حملے کے دوران سیف علی خان کو چھ چاقو کے وار کیے گئے تھے


ویب ڈیسک January 17, 2025

بالی ووڈ کے معروف اداکار سیف علی خان پر جمعرات کی رات ممبئی کے علاقے باندرہ میں واقع ان کی رہائش گاہ میں ایک شخص نے چاقو سے حملہ کیا تھا جس کی تحقیقات کیلئے پولیس ایک مشتبہ شخص سے پوچھ گچھ کر رہی ہے۔

پولیس کے مطابق یہ واقعہ رات 2 بجے پیش آیا جب ایک شخص مبینہ طور پر چوری کی نیت سے ان کے اپارٹمنٹ میں داخل ہوا۔ حملے کے دوران سیف علی خان کو چھ چاقو کے وار کیے گئے، جس کے بعد انہیں فوری طور پر لیلاوتی اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں ان کی ایمرجنسی سرجری کی گئی۔ ڈاکٹروں نے ان کی حالت خطرے سے باہر قرار دی ہے۔

سرجری کے دوران ڈاکٹروں نے سیف کی ریڑھ کی ہڈی سے 2.5 انچ لمبا چاقو نکالا اور اسپائنل فلوئڈ کے نقصان کی مرمت کی۔ اداکار فی الحال آئی سی یو میں زیرِ علاج ہیں۔

پولیس نے حملے کے بعد اپارٹمنٹ کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی، جس میں ایک شخص بھورے رنگ کی کالر والی ٹی شرٹ اور سرخ اسکارف پہنے عمارت کی سیڑھیاں اترتے دیکھا گیا۔

حملہ آور نے چوری کے دوران اداکار سے ایک کروڑ روپے کا مطالبہ بھی کیا، تاہم ان کے اپارٹمنٹ سے کسی قسم کی زبردستی یا توڑ پھوڑ کے شواہد نہیں ملے۔

پولیس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے اور آج ممبئی پولیس ایک شخص کو شک کی بنیاد پر پوچھ گچھ کے لیے باندرہ پولیس اسٹیشن لائی ہے تاہم اب تک کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں