اسلام آباد؛ خود کو سعودی کمپنیوں کا نمائندہ ظاہر کرکے ویزا فراڈ میں ملوث 3ملزمان گرفتار

گرفتار ملزمان کو چھاپہ مار کر راولپنڈی اور لاہور ایئرپورٹ سے گرفتار کیا گیا


ویب ڈیسک January 17, 2025

اسلام آباد:

ایف آئی اے اسلام آباد زون نے خود کو سعودی کمپنیوں کا نمائندہ ظاہر کرکے ویزا فراڈ اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث 3 ملزمان گرفتار کرلیے۔

حکام کے مطابق گرفتار ملزمان میں سکندر زیب، محبوب اور مظہر اقبال شامل ہیں جن کو چھاپہ مار کر راولپنڈی اور لاہور ایئرپورٹ سے گرفتار کیا گیا۔

ملزمان خود کو سعودی کمپنیوں کا نمائندہ ظاہر کرتے جبکہ ملزم سکندر زیب نے خود کو سعودی کمپنی کا نمائندہ ظاہر کر کے کروڑوں روپے کا ویزا فراڈ کیا۔ ملزمان نے سادہ لوح شہریوں کو سعودی عرب کا ورک ویزا فراہم کرنے کا جھانسہ کر بھاری رقوم ہتھیائی۔

اسی طرح، اشتہاری ملزم اولیاء خان سال 2015 سے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل راولپنڈی کو مطلوب تھا جبکہ ملزم مظہر اقبال نے سال 2019 میں جعلی پاسپورٹ پر مراکش جانے کی کوشش کی تھی۔

ملزم کے خلاف کارروائی پاکستانی ایمبیسی مراکش کی درخواست پر عمل میں لائی گئی، ملزم کو لاہور ایئرپورٹ سے بیرون ملک فرار ہوتے ہوئے گرفتار کیا گیا۔

حکام کا کہنا تھا کہ ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی کی کارروائی

دوسری جانب، اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی نے بھی کارروائی کرتے ہوئے شہری پر تشدد، اغواء اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان میں شاہد ندیم اور محمد کاشف شامل ہیں جن کو کراچی کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا۔ ملزم سادہ لوح شہریوں سے ویزا فراڈ کرنے میں ملوث پائے گئے۔

ملزم شاہد ندیم نے شہری کو کمبوڈیا ملازمت کا جھانسہ دے کر 7 لاکھ روپے بٹورے جبکہ دیگر ساتھیوں کی ملی بھگت سے متاثرہ کو 1600 امریکی ڈالر کے عوض فروخت کر دیا۔ متاثرہ کو بعد ازاں کمبوڈیا میں سیف ہاؤس میں رکھ کر تشدد کا نشانہ بنایا جاتا رہا۔

ملزم محمد کاشف نے 7 شہریوں کو آئرلینڈ ملازمت کا جھانسہ دے کر فی کس 10 لاکھ روپے کا معاہدہ کیا۔

دبئی پہنچنے پر مسافروں نے ایجنٹ کی جانب سے دیے گئے جعلی پاسپورٹ پر آئرلینڈ جانے کی کوشش کی جس پر مسافروں کو پاکستان ڈیپورٹ کر دیا گیا تھا۔ ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا، دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

ڈائریکٹر کراچی زون نے کہا کہ انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاون جاری ہے، ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دی گئی ہے۔ ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔

ڈائریکٹر کراچی زون کے مطابق انٹیلی جنس بنیادوں پر انسانی اسمگلروں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، کسی شخص کو بھی معصوم لوگوں کی زندگیوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں۔ ٹھوس شواہد کی روشنی میں ملزمان کو قرار واقعی سزائیں دلوائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں