عمران اور بشریٰ کو سزا سنائے جانے کے بعد اہم سیاسی بیٹھک، کیا ہونے جا رہا ہے؟

موجودہ سیاسی صورت حال پر غور اور ملک میں آئین کی بالادستی کے لیے مل کر کردار ادا کرنے پر اتفاق کیا گیا


ویب ڈیسک January 17, 2025

اسلام آباد:

عمران خان اور بشریٰ بی بی کو سزا سنائے جانے کے بعد پی ٹی آئی اور اپوزیشن الائنس کے رہنما عوام پاکستان پارٹی کے رہنما شاہد خاقان عباسی کے گھر پہنچ گئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق  احتساب عدالت کی جانب سے عمران خان اور بشریٰ بی بی کو 190 ملین پاؤنڈز کیس میں سزا سنائے جانے کے بعد پی ٹی آئی اور اپوزیشن الائنس کے رہنما عوام پاکستان پارٹی کے سربراہ شاہد خاقان عباسی کی رہائش گاہ پر پہنچے۔
 
ملاقات میں تحریک تحفظ آئین پاکستان کے قائدین محمود خان اچکزئی، اسد قیصر اور اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان موجود  تھے۔ ان کے علاوہ سلمان اکرم راجا،علامہ ناصر عباس اور صاحبزادہ حامد رضا بھی ملاقات میں موجود  تھے۔
 
اہم سیاسی بیٹھک میں سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور سردار مہتاب عباسی شریک  بھی شریک تھے۔ اس موقع پر ملکی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئین کی بالادستی کیلیے سب کو بات کرنی ہوگی، شاہد خاقان عباسی

بعد ازاں اپوزیشن رہنماؤں نے شاہد خاقان عباسی کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ جس سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ملک میں آئین کی بالادستی کی بات سب کو مل کر کرنی چاہیے ۔ اچکزئی صاحب نے دعوت دی ہے کہ سب اکٹھے ہوں ۔ ہمیں اس بات سے اتفاق ہے اور آپس میں مشاورت کرنی ہوگی ۔ کوئی بھی سیاسی جماعت آئین کی بالادستی کے خلاف نہیں ہوگی ۔ امید ہے ہر سیاسی سوچ والی جماعت اس سفر میں ضرور شامل ہوگی۔

شاہد خاقان عباسی ہماری تحریک میں شامل ہونے کیلیے تیار ہیں، محمود اچکزئی

محمود خان اچکزئی نے کہا کہ آج بانی پی ٹی آئی کو 14 سال کی سزا سنائی گئی ہے ۔ شاہد خاقان عباسی ہماری اس تحریک میں شامل ہونے کے لیے تیار ہیں۔ جو پاکستان کی سالمیت ، جمہوریت اور آئین کی بالادستی پر یقین رکھتے ہیں وہ اکٹھے ہوں ۔ ہم سب ایک راستہ چاہتے ہیں ہمیں سب مل کر راستہ دکھائیں۔

عمران خان کو سزا قانون پر دھبہ ہے، اسد قیصر

پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے کہا کہ آئین کی بالادستی کے لیے ہم نے آج ایک لائحہ عمل بنایا  ہے۔ آج بانی پی ٹی آئی کو سزا سنائی گئی، جو کہ قانون پر ایک دھبہ ہے۔ ایک بنانا ریپبلک میں زندگی گزارنا مشکل ہے۔ ہمیں ون پوائنٹ ایجنڈا پر اکھٹا ہونا پڑے گا۔

ہماری بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرائی جائے، عمر ایوب
اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے کہا ہم آپ کے مطالبات تسلیم کریں گے، ہم کہتے ہیں دیکھتی آنکھوں اور سنتے کانوں کے بغیر ہماری ملاقات بانی پی ٹی آئی  سے کرائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اگر چاہے تو یہ ملاقات 2 گھنٹے میں کرائی جا سکتی ہے۔ سارے وزرا اور عملہ ان کا اپنا ہے، یہ ہماری ملاقات کیوں نہیں کراتے؟۔ جوڈیشل کمیشن کے لیے ساری جماعتیں بیٹھیں اور بات کریں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں